ڈیرہ اسماعیل خان: ٹی ٹی پی کے حملے میں 5 پولیس اہلکار ہلاک

882

خیبر پختونخواہ کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں مسلح افراد کے حملے میں پانچ پولیس اہلکار ہلاک اور ڈی ایس پی شدید زخمی ہوا ہے۔

اطلاعات کے مطابق کلاچی میں چوک یادگار کے قریب ڈی ایس پی کلاچی کی کانوائے کو مسلح حملہ آوروں نے نشانہ بنایا، حملہ آوروں نے ڈی ایس پی کی گاڑی پر راکٹ لانچرز سے حملہ جس کے نتیجے میں پانچ پولیس اہلکار ہلاک جبکہ ڈی ایس پی فضل سبحان شدید زخمی ہوا جن کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

دریں اثناء حملے کی ذمہ داری تحریک طالبان پاکستان نے قبول کی ہے۔

ٹی ٹی پی ترجمان محمد خراسانی نے بیان میں کہا ہے کہ رات 9بجے کے قریب تحریک طالبان پاکستان کے مجاہدین نے ڈی ایس پی کلاچی کے کانوائے پر چوک یادگار کے قریب گھات لگا کر حملہ کیا جس میں ڈی ایس پی کلاچی فضل سبحان شدید زخمی ہوا اور چھ اہلکار ہلاک اور دیگر شدید زخمی ہوئے۔

ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ اس حملے میں کانوائے میں شامل ایک گاڑی جل کر خاکستر ہوئی اور دوسری گاڑی کو شدید نقصان پہنچا۔

خیال رہے تحریک طالبان پاکستان نے رمضان کے مہینے کے آغاز سے “البدر” کے نام سے آپریشن کا اعلان کیا تھا جس کے بعد ٹی ٹی پی کے حملوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔