اسلام آباد: بلوچ طلباء کا احتجاج جاری، منظور پشتین کی شرکت

373

پنجاب کے تعلیمی اداروں میں بلوچ طلباء کو ہراساں کرنے اور لاپتہ طالب علم حفیظ بلوچ کی عدم بازیابی کے خلاف بلوچ کونسل کی جانب سے قائم طلباء کا احتجاجی کیمپ آج بھی جاری رہا-

بلوچ اسٹوڈنٹس کونسل کی جانب سے سوشل نیٹورکنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر اسلام آباد نیشنل پریس کلب کے سامنے قائم کیمپ کے کچھ تصاویر شائع کرتے ہوئے لکھا گیا ہے کہ بلوچ طلباء اسلام آباد کے خراب موسم میں شدید بارش اور طوفان کے باوجود اپنے احتجاجی کیمپ میں دھرنے پر موجود ہیں-

یاد رہے حفیظ بلوچ کی جبری گمشدگی و بلوچ طلباء کے ساتھ نارواں سلوک کے خلاف احتجاجی دھرنوں اور مظاہروں کا سلسلہ لاہور، اسلام آباد سمیت بلوچستان کے مختلف شہروں میں جاری ہے-

دوسری جانب بلوچ طلباء کونسل نے 21 مارچ کو کلاسز کا بائیکاٹ کرکے ملگ گیر احتجاجی کی کال دے دی ہے-

اسلام آباد بلوچ طلباء کے احتجاجی کیمپ میں پشتون تحفظ موومنٹ کے رہنماء منظور پشتین نے ساتھیوں سمیت شرکت کرکے بلوچ طلباء سے اظہار یکجہتی کی جبکہ اس موقع پر مختلف تنظیموں کے ارکان اور انسانی حقوق کی کارکنان بھی کیمپ آکر طلباء سے یکجہتی کا اظہار کررہے ہیں-

اسلام آباد میں بلوچ طلباء کی جانب سے احتجاجی کیمپ کو آج 19 دن مکمل ہوگئے ہیں-