بلوچستان: فائرنگ و دیگر واقعات میں 5 افراد ہلاک، 6 زخمی، ایک لاش برآمد

553

بلوچستان کے مختلف اضلاع میں فائرنگ و دیگر حادثات اور واقعات میں مجموعی طور پر 5 افراد ہلاک اور6 زخمی ہوگئے جبکہ کوئٹہ سے ایک لاش برآمد کرلی گئی ہے-

تفصیلات کے مطابق جمعرات کے روز بلوچستان کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے تین واقعات پیش آئے جہاں ایک لاش برآمد ہوئی ہے اور روڈ حادثے کا ایک واقعہ پیش جبکہ ذاتی تنازعہ و آگ لگنے کے دو مختلف واقعات پیش آئے ہیں-

فائرنگ کا پہلا واقعہ اوستہ محمد سٹی پولیس تھانہ کی حدود السیف مل میں پیش آیا جہاں مسلح افراد کی اندھا دھند فائر نگ سے مل مالک رحمت اللہ جتک اور جمعدار نوریز مستوئی نامی دو افراد ہلاک جبکہ فائرنگ کے زد میں آکر تین افراد زخمی ہوئے ہیں-

فائرنگ کا دوسرا واقعہ ضلع لسبیلہ کےتحصیل حب چوکی کے علاقہ گلیکسی ٹاؤن میں پیش آیا جہاں مسلح افراد نے سوراب انجیرہ کے رہائشی شاہد ولد سومار خان جتک کو فائرنگ کرکے قتل کردیا اور فرار ہوگئے-

ایک اور واقعہ میں ماشکیل کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے غلام مصطفی مشوانی کو قتل کردیا-

کوئٹہ کے نواحی علا قے مشرقی بائی پاس سے انتظامیہ کو ایک شخص کی لاش ملی ہے جسے شناخت کے لئے سول ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ کوئٹہ میں گزشتہ کئی دنوں سے لاشوں کی برآمدگی کا سلسلہ جاری ہے تاہم لاشوں میں کسی کی بھی شناخت نہیں کی جاسکی ہے-

دوسری جانب پنجگور کے قریب تیز رفتاری کے باعث گاڑی الٹنے سے تمپ کے رہائشی شے حق نامی شخص ہلاک ہوگیا-

ضلع لسبیلہ ڈام بندر کی علاقے میں رات گئے رہائشی جھونپڑی میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جھونپڑی میں رہائش پذیر موسی نامی شخص جھلس کر شدید زخمی ہوگیا جسے فوری طورپر ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے-

دریں اثناء سوئی کٹھن کے مقام پر ہجوانی بگٹی قبائل کے افراد کے درمیان زمینی تنازع پر تصادم لاٹھیوں کے آزادانہ استعمال سے دو افراد زخمی ہوگئے-