بلوچستان کے ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت میں جمعرات کے روز جونیئر ٹیچرز کی جانب سے ٹائم اسکیل، ففٹی پرسنٹ پروموشن کوٹہ اور دیگر مسائل پر ماڈل اسکول سے پریس کلب تک ریلی نکالی گئی، جس میں اساتذہ کی بڑی تعداد شریک تھی –
اساتذہ نے احتجاجی نعروں پر مبنی بینرز اور پلے کارڈز اٹھائے اپنے مطالبات کے حق میں نعرہ بازی کی اور شہر کی مختلف گلیوں سے ہوتے ہوئے پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا-
مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے اساتذہ رہنماؤں نے کہا کہ جونیئر اساتذہ بیوروکریسی اور دیگر اساتذہ تنظیموں کے روز اول سے شکار ہیں، ہمارا مطالبہ ہے کہ قانونی تقاضے پورا کرکے جونیئر اساتذہ کو ان کا حق دیا جائے اور جو اساتذہ 9 اسکیل پر ہیں انہیں 14 اور جو 14 پر ہیں انہیں 16 اسکیل میں پروموشن دی جائے-
انہوں نے کہاکہ دیگر صوبوں میں اسی طریقہ کار کے مطابق اساتذہ کی آپ گریڈیشن ہوتی ہے لیکن بلوچستان میں ایسا نہیں کیا جارہا جس کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ بیوروکریسی اور اور وہ اساتذہ تنظیمیں ہیں جن کے منشور میں جونیئر اساتذہ شامل نہیں ہیں-
انہوں نے کہاکہ ہم اپنے اس آئینی حق کے لیے ہر فورم پر جنگ لڑیں گے کیونکہ یہ ہمارا بنیادی حق ہے اور اس حق کو دیگر صوبوں نے پہلے ہی تسلیم کیا ہے-
انہوں نے کہاکہ بلوچستان حکومت نے 2006 کو ففٹی پرسنٹ پروموشن کوٹہ منظور کیا ہے مگر اس پر عملدرآمد التواء کا شکار ہے، آخر کیوں 2006 کے نوٹیفکیشن پر عملدرآمد نہیں کیا جارہا، اگر اس پر عملدرآمد کیا گیا تو جونیئر اساتذہ کو اپنا حق مل سکتا ہے اور ان کے پروموشن سے دیگر اساتذہ بھی فائدہ اٹھاسکتے ہیں-
انکا کہنا تھا کہ اگر ہمارے مطالبات منظور نہیں کیے گئے تو آئندہ لائحہ عمل مذید سخت ہوگا-