کیچ سیکورٹی فورسز کا آپریشن، زیر حراست شخص قتل

1193

پاکستانی سیکورٹی فورسز کا بلوچستان کے ضلع کیچ میں مبینہ آپریشن کے دوران پہلے سے جبری گمشدگی کا شکار ایک شخص کو قتل کرنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں-

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے جانب سے جاری کردہ بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ فورسز نے کیچ کے علاقے بالگتر میں ایک آپریشن کے دوران بلوچ مسلح تنظیم سے تعلق رکھنے والے تین ارکان کو ہلاک کر دیا ہے جن میں کمانڈر سمیر عرف بحر، کمانڈر الطاف عرف لالک اور کمانڈر پھلان بلوچ شامل ہیں-

آئی ایس پی آر کا دعویٰ ہے کہ تینوں افراد پنجگور اور بالگتر سمیت مختلف علاقوں میں فورسز کے خلاف کارروائیوں میں ملوث تھے اور آئی ایس پی آر نے آپریشن کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے-

دی بلوچستان پوسٹ کو موصول ہونے والے اطلاعات کے مطابق فورسز کے ہاتھوں آج بالگتر میں قتل ہونے والے الطاف ولد جاڑان کو گذشتہ رات تجابان سے مقامی ڈیتھ اسکواڈ نے اغواء کرلیا تھا –

ٹی بی پی کو مقامی ذرائع نے بتایا کہ الطاف ولد جاڑان کو سرکاری حمایت یافتہ ڈیتھ اسکواڈ میر یعقوب گروپ کے عقیل اور طارق نے اغواء کرکے فورسز کے حوالے کردیا تھا-

یاد رہے کہ بلوچستان میں جعلی آپریشنز میں اس سے قبل بھی کئی لاپتہ افراد کو قتل کردیا گیا ہے جبکہ آج بالگتر میں ہونے والے آپریشن میں دیگر دو افراد کی شناخت کے بارے میں مزید تفصیلات موصول نہیں ہوسکی ہے-