بی ایل ایف نے دو مختلف واقعات میں تین پاکستانی اہلکار ہلاک کرنے کی زمہ داری قبول کرلی

301

بلوچستان لبریشن فرنٹ کے ترجمان گہرام بلوچ نے فورسز پر مختلف حملوں کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے نامعلوم مقام سے سیٹلائٹ فون کے ذریعے بات کرتے ہوئے کہا کہ سرمچاروں نے منگل کے روز دشت میں پٹوک اور سبدان کے درمیان پکٹ سیکورٹی پر معمور دو اہلکاروں کو نشانہ بنا کر ہلاک کیا ہے۔

گہرام بلوچ نے کہا کہ پیر کے روز ہوشاب اور بالگتر کے درمیان ریسو کے مقام پر قائم فوجی چوکی پر ایک اہلکار کو اسنائپر رائفل سے نشانہ بنا کر ہلاک کیا۔

انہوں نے کہا کہ ان علاقوں میں کئی کیمپ اور چوکیاں نام نہاد ترقی اور چین پاکستان اکنامک کوریڈور (سی پیک) جیسے استحصالی منصوبے کی تکمیل اور عسکری تعمیراتی کمپنی فرنٹیر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیواو) کے اہلکاروں کی حفاظت کیلئے بنائے گئے۔ بلوچ قوم نے اس منصوبے کو لاکھوں غیر بلوچوں کی آبادکاری اور استحصالی منصوبہ قرار دیکر پہلے ہی دن مسترد کیا ہے۔

گہرام بلوچ نے کہا کہ سرمچاروں کا قابض آرمی اور ایف ڈبلیو او پر حملے جاری رہیں گے۔ اسی طرح اس سال درجنوں فوجی اور ایف ڈبلیو او اہلکار ہلاک کئے ہیں۔ اس سال کا تفصیلی ریکارڈ جلد ہی شائع کیا جائے گا۔