بھارتی نیوی کے بحری جہاز میں دھماکہ: تین اہلکار ہلاک

577

بھارت کے شہر ممبئی میں بھارتی افواج کے ایک بحری جہاز پر ہونے والے دھماکے میں تین بحریہ اہلکار آج (منگل کو) ہلاک ہو گئے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق بھارتی بحریہ نے دھماکے کی کوئی وجہ نہیں بتائی لیکن کہا کہ ایک بورڈ آف انکوائری اس واقعے کی تحقیقات کرے گا۔

دھماکہ اس وقت ہوا جب آئی این ایس رنویر نامی یہ جہاز ممبئی میں بندرگاہ پر لنگر انداز تھا۔

بھارتی بحریہ نے ایک بیان میں کہا ’جہاز کے عملے نے فوری طور پر صورت حال کو قابو میں کر لیا۔ کسی بڑے نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔‘

بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ یہ دھماکہ بھارتی بحریہ کے جہاز ’رنویر‘ کے اندرونی حصے میں ہوا، جو نومبر سے ایسٹرن نیول کمانڈ میں آپریشنل تعیناتی پر تھا اور جلد ہی بیس پورٹ پر واپس آنے والا تھا۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق واقعے میں کئی افراد زخمی بھی ہوئے۔ خبر رساں ادارے اے این آئی کے مطابق کم از کم گیارہ بحریہ اہلکار زخمی ہیں جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ این ڈی ٹی وی کا ذرائع کے حوالے سے کہنا تھا کہ دھماکہ شام ساڑھے چار بجے ہوا اور اس کا تعلق بارود یا اسلحے کے دھماکے سے نہیں ہے۔