گوادر:صوبائی حکومت ایک ناکام اور کٹھ پتلی حکومت ہے۔ نیشنل پارٹی

193

بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر میں پیر کے روز نیشنل پارٹی کے صوبائی اور ضلعی رہنماؤں فیض نگوری، آدم قادر بخش، حمید انجینئر، ناگمان عبدل، یوسف عبدالرحمان، بی ایس اوپجار کے صدرخدا داد بلوچ و دیگر نے گوادر پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت ایک ناکام اور کٹھ پتلی حکومت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے حکومت کو یہ مینڈیٹ حاصل نہیں کہ وہ ریکوڈک جیسے منصوبے پر معاہدہ کرے۔ ریکوڈک ایک قومی اثاثہ اور بلوچ عوام کے لئے زیست و مرگ کا مسئلہ ہے۔

انکا کہنا تھا کہ ریکوڈک کے حوالے سے کیے جانے والے پیشرفت اور گوادر پورٹ معاہدے سے متعلق عوام کو آگاہ کیا جائے۔

انھوں نے کہا کہ گوادر کے عوام مسائل و مشکلات سے دوچار ہیں۔ اورماڑہ و چربندن سمیت دیگر علاقوں میں پانی کی قلت بدستور موجود ہے۔ سول ہسپتال گوادر میں ادویات کی کمی ہے۔ گزشتہ ایک سال سے ادویات کا کوٹہ فراہم نہیں کیا گیا۔ بی ایچ یوز کی حالت بھی بہتر نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ گوادر کے آسامیوں پر غیر مقامیوں کو تعینات کرکے مقامی نوجوانوں کی حق تلفی کی جا رہی ہے۔ جبکہ آسامیوں کی بندر بانٹ کرنے کا پلان بنایا جا رہا ہے۔ گوادر کے قیمتی کمرشل اراضیات پر صوبائی حکومت اپنے ہم خیالوں کے ذریعے لیز کے نام پر قبضے کی کوششوں میں مصروف ہے۔ مونومنٹ اسپورٹس کمپلیکس کے اراضیات پر قبضہ ہونے نہیں دینگے۔

نیشنل پارٹی کے رہنماؤں نے کہا کہ گوادر میں ٹرالرنگ کے خلاف طویل احتجاج ہوا وفاقی و صوبائی حکومتوں نے ٹرالرنگ کی روک تھام کے لئے اقدامات کا وعدہ کیا جو اب تک وفا نہ ہوئے محکمہ فشریز کی سرپرستی میں ٹرالرنگ اب بھی جاری ہے۔ صوبائی حکومت اور ایم پی اے ٹرالرنگ کی روک تھام کے حوالے سے ناکام ہوچکے ہیں۔ گوادر کے عوام موجودہ صوبائی حکومت کے دور میں شدید مشکلات و پریشانی کا شکار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گوادر اس وقت نمائندگی کے حوالے سے لاوارث ہے۔ جس کی وجہ سے مسائل میں روز بہ روز اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔
نیشنل پارٹی گوادر کے عوام کے بنیادی معاشی و سماجی مسائل اور بنیادی حقوق کے لئے بھرپور آواز اٹھائے گی اور احتجاج کریگا۔