پاکستان: توہین مذہب کاالزام،سری لنکن شہری کو قتل کرکے آگ لگادی گئی

694

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے علاقے سیالکوٹ میں مشتعل شہریوں کے ہجوم نے توہین مذہب کے الزام میں اسپورٹس ویئر بنانے والی انڈسٹری کے سری لنکن منیجر کو قتل کرکے آگ لگا دی۔ واقعہ آج بروز جمعہ 3 دسمبر کی صبح پیش آیا۔

واقعہ سیالکوٹ کے علاقے وزیر آباد روڈ پر پیش آیا جہاں مشتعل شہریوں کی بڑی تعداد نے غیر ملکی منیجر کو پہلے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا اور مرنے کے بعد سڑک کے بیچوں بیچ آگ لگا دی۔

واقعے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں، جس میں ایک جلتی ہوئی لاش کے قریب عوام کے ایک بڑے ہجوم کو کھڑے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل کچھ ویڈیوز میں لوگوں کو یہ بھی سنا جا سکتا ہے جس میں وہ یہ دعویٰ کر رہے ہیں کہ وہ فیکٹری کے ورکرز ہیں، جہاں غیر ملکی بحیثیت جنرل مینجر فرائض انجام دے رہا تھا۔ فیکٹری ورکرز کے مطابق انہوں نے جمعہ کے روز دیکھا کہ سری لنکن شہری نے کچھ مقدس اوراق کی توہین کی ہے، جس پر وہاں موجود افراد مشتعل ہوئے اور سری لنکن شہری پر حملہ کردیا۔

کچھ ویڈیوز میں دیکھا گیا ہے کہ مشتعل شہریوں نے سری لنکن شہری کو مارا پیٹا اور اس کے بعد اسے نذرِ آتش کردیا۔ ان ویڈیوز میں اس شخص کی جلتی ہوئی لاش کو دیکھا جاسکتا ہے جس کے اردگرد بڑی تعداد میں لوگ نظر آرہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی رپورٹس میں کہا جارہا ہے کہ مشتعل ہجوم کی جانب سے غیر ملکی مینیجر کو نذرِ آتش کرنے کے بعد نعرے بازی بھی کی گئی۔