بلوچستان میں تعلیمی فضا ایک بار پھر خوف زدہ ۔ عبدالکریم

262

بلوچستان میں تعلیمی فضا ایک بار پھر خوف زدہ

تحریر:عبدالکریم

دی بلوچستان پوسٹ

سہیل اور فصیح نے بہتر مستقبل اور اعلیٰ تعلیم کا خواب آنکھوں میں سجا کر کوئٹہ سے147کلومیٹر شمال مغربی ضلع نوشکی سے بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کا رخ کیا اور یہاں بلوچستان کی سب سے بڑی جامعہ ، جامعہ بلوچستان میں داخلہ لیا دونوں نے اعلیٰ تعلیم کیلے شعبہ مطالعہ پاکستان کا انتخاب کیا۔ دونوں بہت ذہین اور علم سے محبت کرنے والے طالبعلم تھے۔

بلوچستان کے سرد علاقوں میں نومبر کے آخر میں امتحانات کا آغاز ہوجاتا ہے۔ سہیل اور فصیح بھی امتحان کے تیاری میں مصروف تھے کہ یکم نومبر کے شام کچھ نامعلوم افراد جامعہ بلوچستان کے ہاسٹل میں داخل ہوئے اور دونوں نوجوان طالبعلوں کو اغوا کرکے اپنے ساتھ لئے گئے جو تاحال لاپتہ ہیں۔

نوجوان طالبعلوں کے اغوا کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا ہے۔ لیکن پولیس کے مطابق تاحال اس بابت کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔

وزیراعلی بلوچستان نے اس واقعہ کا نوٹس لیا ہے اور ایک کمیٹی بھی تشکیل دی ہے۔ جو 24 گھنٹوں میں واقعے کی رپورٹ پیش کرے گی۔

دوسری طرف بلوچستان کے طلبا و طالبات اس واقعے کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔گزشتہ تین دن سے طلبا و طالبات جامعہ بلوچستان میں واقعے کے خلاف دھرنے دئیے بیٹھے ہیں، اس کے ساتھ کلاسوں کا بھی بائیکاٹ کیا ہوا ہے۔ جس کے باعث جامعہ بلوچستان کے انتظامیہ نے جامعہ کوغیر معینہ مدت تک بند کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔

دھرنے میں شریک طالبعلموں کا مطالبہ ہے کہ اغوا شدہ نوجوانوں کو جلد از جلد بازیاب کروایا جائے اور اس کے ساتھ جامعہ بلوچستان کی انتظامیہ ہاسٹل میں لگے سیکورٹی کیمروں کی فوٹیج تک انھیں رسائی فراہم کرے تاکہ معلوم کیا جاسکے کہ اغوا کار کون لوگ تھے۔ لیکن جامعہ بلوچستان کا انتظامیہ اس بات کو ماننے سے انکاری ہے ان کا موقف ہے کہ وہ تفتیشی اداروں کو ڈیٹا تک رسائی دینے کے پابند ہیں۔

یاد رہے مذکورہ واقعے کے بعد بلوچستان کے نوجوان مختلف سوالات اٹھانے لگے ہیں۔ ان کے مطابق اب بلوچستان میں تعلیمی ماحول کو ایک سازش کے تحت خوفزدہ بنایا جارہاہے تاکہ بلوچستان کے نوجوان تعلیم سے دور رہیں۔ بلوچستان میں اغوا کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔ تسلسل کے ساتھ اس طرح کے واقعات رونما ہوتے رہے ہیں۔ لیکن تاحال کسی بھی واقعے کے ذمہ داران کا تعین نہیں کیا جاسکا اور نہ حکومت نے اس بابت کوئی واضح موقف دیا ہے۔

افسوس کن امر تو یہ ہے کہ کوئٹہ کی سخت سردی میں کھلے آسمان تلے دھرنا دیئے طالبعلموں کوجھوٹی تسلی دینے کیلئے بھی کوئی حکومتی عہدے دار تک نہیں آیا۔

ایک طرف تو موجودہ وزیراعلیٰ قدوس بزنجو ناراض بلوچوں سے مذاکرات کا اعلان کرچکے ہیں۔ جبکہ دوسری طرف دھرنا دینے والے طالبعلموں سے بات کرنے سے کترا رہے ہیں۔ اس سے وزیراعلیٰ بلوچستان کی ترجیحات کا پتہ لگایا جاسکتا ہے ۔

یاد رہے احتجاج کا دائرہ جامعہ بلوچستان سے نکل کر کوئٹہ شہر کے دیگر تعلیمی اداروں تک پھیل چکا ہے۔ ان اداروں میں بھی طالبعلموں نے کلاسوں کا بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔ ان اداروں میں سائنس کالج اور ڈگری کالج جیسے بڑے تعلیمی ادارے شامل ہیں اور اگر اغواشدہ طالبعلموں کو جلد از جلد بازیاب نہیں کروایا گیا تو یہ احتجاج صوبے کے دیگر تعلیمی اداروں تک بھی پہنچ سکتا ہے ۔ جس کی وجہ سے نہ صرف اشتعال پھیلنے کا خدشہ ہے بلکہ طالبعلموں کی تعلیمی سرگرمیاں شدید متاثر ہوسکتی ہیں۔


دی بلوچستان پوسٹ: اس تحریر میں پیش کیئے گئے خیالات اور آراء لکھاری کے ذاتی ہیں، ضروری نہیں ان سے دی بلوچستان پوسٹ میڈیا نیٹورک متفق ہے یا یہ خیالات ادارے کے پالیسیوں کا اظہار ہیں