کوئٹہ سے جبری گمشدگی کے شکار دو افراد بازیاب

194

بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ سے پاکستانی فورسز کے ہاتھوں حراست بعد لاپتہ ہونے والے دو افراد ہوگئے۔

بازیاب ہونے والے منیر احمد زہری کو گذشتہ ماہ سی ٹی ڈی و دیگر سیکورٹی اداروں نے برما ہوٹل کوئٹہ سے اس وقت گرفتار کرکے لاپتہ کردیا تھا جب وہ وہاں رہائش پزیر تھے۔ استاد منیر کی بازیابی کی تصدیق علاقائی ذرائع نے کی ہے –

تفصیلات کے مطابق گذشتہ ماہ کوئٹہ سے جبری گمشدگی کا شکار ہونے والے ضلع خضدار کے تحصیل زہری کے رہائشی استاد منیر احمد بازیاب ہوکر اپنے گھر پہنچ چکے ہیں۔

بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کے واقعات اکثر رپورٹ ہوتے رہے ہیں۔ خضدار زہری ہی کے رہائشی دو نوجوان عرفان زہری اور قادر کنول بھی گذشتہ ماہ جبری گمشدگی کے شکار ہوئے تھے جو تاحال بازیاب نہیں ہو سکے ہیں۔

بلوچستان میں لاپتہ افراد کا مسئلہ دن بدن گھمبیر صورتحال اختیار کرتا جارہا ہے۔

بلوچستان کے سیاسی جماعتوں اور تنظیموں کی جانب سے لاپتہ افراد کی بازیابی کے لئے گذشتہ طویل عرصے سے کوششیں جاری ہیں اور ساتھ ہی کوئٹہ پریس کلب کے سامنے گذشتہ ایک دہائی سے لاپتہ افراد کے لواحقین بھی سراپا احتجاج ہیں-

دریں اثناء چار ستمبر کو کوئٹہ سے فورسز کے ہاتھوں لاپتہ ہونے والے منیب بڑیچ بازیاب ہوکر گھر پہنچ گئے ہیں۔

منیب بڑیچ کو چار ستمبر کو پاکستانی فورسز نے کوئٹہ سریاب روڈ پہ بلوچستان یونیورسٹی کے بمقابل واقع علاقے شفیع کالونی میں ایک گھر پر چھاپہ مار کر گرفتار کرکے لاپتہ کردیا تھا ۔

منیب علی کوئٹہ ڈگری کالج میں ایف ایس سی طالب علم ہے ۔