افغان فورسز نے اسپین بولدک کا کنٹرول دوبارہ حاصل کرلیا

807

بلوچستان سے متصل افغانستان کے سرحدی صوبہ کندھار کے کاروباری ضلع اسپین بولدک کے کنٹرول کو دوبارہ افغان فورسز نے حاصل کرلیا۔

افغانستان کے وزیر داخلہ کے ترجمان طارق آرین نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے آپریشن کرتے ہوئے اسپین بولدک کے کنٹرول کو دوبارہ حاصل کرلیا ہے۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز افغان فورسز اور طالبان کے مابین شدید لڑائی کے بعد طالبان نے مذکورہ علاقے پہ قبضہ کرکے باب دوستی پہ اپنا جھنڈا لہرایا تھا جس کے بعد دونوں جانب شدید لڑائی شروع ہوئی تھی آج ایک بار پھر فورسز نے علاقے پہ قبضہ کرکے باپ دوستی پہ افغانستان کا جھنڈا لہرا دیا۔

اس لڑائی میں دونوں جانب جانی نقصان کی اطلاعات موصول ہوئے ہیں جبکہ اسی علاقے میں انڈین فوٹو جنرل لسٹ اور رائٹرز سے وابستہ صحافی دانش صدیقی بھی مارا گیا ہے۔

افغان میڈیا کے مطابق بولدک کی لڑائی میں افغان اسپیشل فورس کے کمانڈر صدیق کرزئی بھی مارا گیا ہے۔

دوسری جانب برطانوی نشریاتی ادارے کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والے طالبان کو بلوچستان کے سرحدی علاقے چمن کے ضلعی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے نمائندوں کے مطابق بھی درجنوں طالبان جنگجوؤں کا علاج پاکستان اور افغانستان کی سرحد کے قریب موجود اس ضلعی ہسپتال میں کیا جارہا ہے۔

انڈپینڈنٹ اردو کے نامہ نگار ہزار خان بلوچ کے رابطہ کرنے پر محکمہ صحت کے ایک سینئیر ڈاکٹر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ’جھڑپ میں طالبان زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے 22 کو چمن لایا گیا ہے۔‘

انہوں نے بتایا کہ ان کا علاج معالجہ جاری ہے۔