پاکستان گجرات انتخابات نتائج پر اثر انداز ہونے کی کوشش کررہا ہے: مودی

234

انڈیا کے وزیر اعظم نریندر مودی نے الزام لگایا ہے کہ پاکستان ملک کی مغربی ریاست گجرات میں جاری اسمبلی انتخابات کے نتائج متاثر کرنے کی کوشش کر رہا ہے اور اس کوشش میں کانگریس پارٹی اس کے ساتھ ہے۔

نریندر مودی گجرات کے سابق وزیر اعلیٰ ہیں جہاں ان کی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) 22 سال سے اقتدار میں ہے، لیکن اس مرتبہ اسے کانگریس سے سخت مقابلے کا سامنا ہے۔ کانگریس کی انتخابی مہم پارٹی کے نائب صدر راہل گاندھی نے سنبھال رکھی ہے۔

انڈین وزیر اعظم نے گذشتہ دو دنوں میں بار بار پاکستان کا ذکر کیا ہے۔ ان کا الزام ہے کہ دلّی میں مامور پاکستانی سفارتکاروں اور پاکستان کے سابق وزیرخارجہ خورشید محمود قصوری نے کانگریس کے (اب معطل) رہنما منی شنکر ایّر کے گھر پر سابق وزیراعظم من موہن سنگھ اور سابق نائب صدر حامد انصاری سے ‘خفیہ’ ملاقات کی تھی جس کا مقصد گجرات میں بی جے پی کو ہرانا تھا۔

وہ بظاہر ایک ٹی وی چینل کے ذریعہ نشر کی جانے والی ایک خبر کا ذکر کر رہے تھے۔

پاکستان نے اس الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اسے انڈیا کی داخلی سیاست میں نہ گھسیٹا جائے۔

ٹوئٹر پر پاکستان کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کیے جانے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ‘انتخابات اپنی طاقت کی بنیاد پر جیتے جائیں، فرضی اور بالکل بے بنیاد سازشوں کے سہارے نہیں۔’

کانگریس پارٹی نے نریندر مودی سے کہا ہے کہ اگر یہ الزام سچ ہے کہ پاکستانی سفارتکار داخلی سیاست میں مداخلت کر رہے ہیں تو دلی میں پاکستان کے ہائی کمشنر سہیل محمود کو واپس بھیج دیا جانا چاہیے۔

وزیر اعظم کا الزام ہے کہ اس مبینہ ملاقات کے بعد ہی منی شنکر ایّر نے انھیں ‘نیچ’ قرار دیا تھا۔ مسٹر ائر کے اس بیان نے ایک بڑے سیاسی تنازع کی شکل اختیار کر لی ہے اور نریندر مودی نے بار بار اپنی انتخابی تقریروں میں اسے گجرات کے دلت عوام کی توہین سے تعبیر کیا ہے۔

اس بیان کے بعد گانگریس نے مسٹر ایّر کو پارٹی کی رکنیت سے معطل کر دیا تھا۔

وزیر اعظم کا یہ بھی الزام ہے کہ پاکستان کے ایک اعلی سابق فوجی افسر چاہتے ہیں کہ سونیا گاندھی کے سیاسی مشیر احمد پٹیل گجرات کے نئے وزیر اعلیٰ بنیں۔

ان کے مطابق پاکستانی فوج کے سابق افسر نے یہ بات ایک فیس بک پوسٹ میں کہی ہے۔ ان کے مطابق ‘کیا یہ سب واقعات شبہات پیدا نہیں کرتے؟۔۔۔کانگریس کو جواب دینا چاہیے۔’

کانگریس نے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ‘جس طرح نریندر مودی افواہوں اور جھوٹ پر انحصار کر رہے ہیں، کیا وہ وزیر اعظم کے عہدے کے مطابق ہے؟’

اخبار انڈین ایکسپریس کے مطابق مسٹر مودی نے جس خفیہ ملاقات کا ذکر کیا ہے وہ در اصل ایک ڈنر پارٹی تھی جس میں انڈین فوج کے سابق سربراہ جنرل دیپک کپور بھی شریک تھے۔

اس ڈنر میں شریک ہونے والے مہمانوں نے اخبار کو بتایا ہے کہ مسٹر ایّر نے بنیادی طور پر ان لوگوں کو مدعو کیا تھا جو پاکستان میں سفارتکاری کے فرائض انجام دے چکے ہیں، اور کھانے سے پہلے انڈیا اور پاکستان کے رشتوں پر بات چیت ہوئی تھی۔

اس موقع پر سابق خارجہ سیکریٹری کے نٹور سنگھ اور سابق خارجہ سیکریٹری سلمان حیدر بھی شامل تھے۔ اخبار کے مطابق ڈنر میں سابق نائب صدر حامد انصاری اور سابق وزیر اعظم من موہن سنگھ بھی شریک ہوئے تھے۔

جنرل دیپک کپور نے اخبار کو ‘آن ریکارڈ’ بتایا کہ ‘ہاں میں اس میٹنگ میں موجود تھا اور ہم نے انڈیا اور پاکستان کے رشتوں کے علاوہ کسی بارے میں کوئی بات نہیں کی تھی۔’

گجرات کے انتخابات وزیر اعظم کے لیے انتہائی اہم ہیں کیونکہ اگر بی جے پی وہاں ہار جاتی ہے تو 2019 کے پارلیمانی انتخابات سے پہلے ان کی پوزیشن کافی کمزور ہو جائے گی۔

انتخابی مہم کے دوران اب تک بحث کا معیار کافی خراب رہا ہے اور عام تاثر یہ ہے کہ بی جے پی کی جانب سے پاکستان، پاکستانی فوج اور کانگریس کو ایک ہی پلیٹ فارم پر کھڑا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

لیکن راہل گاندھی کا کہنا ہے کہ وہ اور ان کی پارٹی وزیر اعظم کے عہدے کے خلاف نازیبا زبان استعمال نہیں کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ ‘یہ گاندھی کی پارٹی ہے، گاندھی نے دشمن کو پیار سے ہٹایا، گجرات میں ہم آپکو پیار سے ہٹانے جارہے ہیں۔’

انتخابات کے نتائج کا اعلان 18 دسمبر کو کیا جائے گا۔