بحریہ ٹاور بم حملہ، بلوچستان لبریشن فرنٹ نے ذمہ داری قبول کرلی

693

گذشتہ دنوں کراچی میں بحریہ ٹاور پر ہونے والے دستی بم حملے کی ذمہ داری بلوچستان لبریشن فرنٹ نے قبول کرلی ہے۔ تنظیم کے ترجمان میجر گہرام بلوچ نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ 2 جون 2021 بروز بدھ ہمارے سرمچاروں نے کراچی میں کلفٹن بن قاسم پارک کے نزدیک بحریہ آئکون ٹاور پر دستی بم حملہ کیا۔ یہ ایک علامتی حملہ تھا جس کا مقصد پاکستان آرمی کی بدنام زمانہ بحریہ ہاؤسنگ سوسائٹی کو تنبیہہ کرنا تھا کہ وہ کراچی میں بلوچ اور سندھی عوام کی جدّی و پْشتی زمینوں پر جبری قبضہ کرنے اور ان کے گھروں اور آبادیوں کو مسمار کرنے کا نوآبادیاتی عمل ترک کرے بصورت دیگر سنگین نتائج بھگتنے کیلئے تیار رہے۔

گہرام بلوچ نے کہا ہے کہ بحریہ آئکون ٹاور پر حملہ کے وقت بلوچ سرمچاروں نے احتیاط برتتے ہوئے اس بات کا خاص خیال رکھا کہ حملے کے نتیجہ میں کوئی جانی نقصان نہ ہو لیکن بحریہ ہاؤسنگ سوسائٹی نے اگر بلوچو ں اور سندھیوں سمیت کراچی کے مظلوم عوام کے گھروں کو مسمار کرنے اور ان کی زمینوں پر جبری قبضہ کرنے کا ظالمانہ عمل جاری رکھا تو اسے بھاری جانی و مالی نقصانات اٹھانا پڑے گا۔