روس: اسکول پر مسلح افراد کے حملے میں متعدد افراد ہلاک و زخمی

142

روسی شہر کازان کے ایک اسکول میں اندھا دھند فائرنگ کے ایک واقعے میں کم از کم گیارہ افراد ہلاک اور چار دیگر زخمی ہو گئے۔ یہ فائرنگ دو مسلح نوجوانوں نے کی، جن میں سے ایک مارا گیا جبکہ دوسرے کو گرفتار کر لیا گیا۔

واقعہ آج منگل کی صبح روسی جمہوریہ تاتارستان کے دارالحکومت کازان میں پیش آیا، جو ماسکو سے تقریباﹰ 700 کلو میٹر مشرق کی طرف واقع ہے۔

سرکاری خبر رساں ادارے نوووستی نے ایمرجنسی سروسز کے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ اس اسکول کے اندر یہ شوٹنگ دو نوجوانوں نے کی، جن میں سے ایک اس واقعے میں خود بھی مارا گیا جبکہ دوسرے کو، جس کی عمر 17 برس ہے، گرفتار کر لیا گیا ہے۔

کازان میں مقامی حکام نے بتایا کہ اس شوٹنگ کے شروع ہوتے ہی اسکول میں موجود چند طلبہ کو وہاں سے نکال لیا گیا تھا تاہم بہت سے نابالغ طالب علم فائرنگ شروع ہونے کے بعد بھی اسکول میں موجود تھے۔

اس واقعے کے بعد کازان کے باقی تمام اسکولوں کے لیے حفاظتی انتظامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔ روسی پولیس نے اس حملے کی چھان بین شروع کر دی ہے۔