صوبائی خودمختاری ہماری جدوجہد کا اولین ہدف اور مقصد ہے – بی این پی

260

بلوچستان نیشنل پارٹی ضلع کوئٹہ کے زیراہتمام جاری یونٹ سازی مہم کے سلسلے میں کیچی بیگ میں ملک فرید احمد شاہوانی کے نام سے منسوب یونٹ کے قیام کے موقع پر جلسے سے مرکزی ہیومن رائٹس سیکرٹری موسیٰ بلوچ، مرکزی کمیٹی کے ارکان غلام نبی مری، جاوید بلوچ، رکن اسمبلی ثناء بلوچ، ضلعی قائم مقام صدر ملک محی الدین لہڑی، ضلعی جنرل سیکرٹری آغا خالد شاہ دلسوز، نائب صدر طاہر شاہوانی ایڈووکیٹ و دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔

بی این پی رہنمائوں نے کہا کہ شہید ملک فرید احمد شاہوانی پارٹی کے مخلص نظریاتی اور فکری دوست تھے جنہوں نے تمام مشکل حالات میں پارٹی پروگرام کو آگے بڑھانے میں اپنا بھر پور کردار ادا کیا انکی جدوجہد کو کسی صورت فراموش نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ بی این پی حقیقی معنوں میں بلوچستان اور بلوچ عوام کے بنیادی حقوق ترقی و خوشحالی تعلیم صحت روزگار سماجی انصاف کے حصول ساحل و وسائل پر واک اختیار اور حقیقی حق حکمرانی کیلئے جدوجہد کر رہی ہے اور اس سلسلے میں پارٹی نے ہمیشہ ہر فورم پر سیاسی اور جمہوری انداز میں صوبے میں ہونے والی نا انصافیوں کے خلاف آواز بلند کی اور کبھی بلوچستان کے اجتماعی و قومی مسائل کو نظر انداز نہیں کیا۔

رہنماوں کا کہنا تھا کہ بی این پی کی جدوجہد کا مقصد یہاں کے مفلوک الحال عوام کو ایک باعزت شہری اور ان کے حقوق ان کے گھروں کی دہلیز پر پہنچانا ہے۔ صوبائی خودمختاری ہماری جدوجہد کا اولین ہدف اور مقصد ہے اور اس مقصد کیلئے کارکنوں کو اپنی توانائیاں پارٹی کو تنظیمی طور پر مضبوط اور فعال بناکر عوام کے ساتھ اپنے قریبی روابط رکھنا چاہیے۔

بیان کے مطابق ملک نوید شاہوانی ملک وسیم شاہوانی ملک فہیم شاہوانی و دیگر نے بی این پی مینگل میں شمولیت کا اعلان کیا اس موقع پر شہید ملک فرید شاہوانی یونٹ کے نائب عہدیداروں کے چناو کیلئے آغا خالد شاہ دلسوز و دیگر پارٹی رہنماؤں کی نگرانی میں تین رکنی الیکشن کمیٹی نے الیکشن کروائے جس کے مطابق سعید خان محمد شاہ یونٹ سیکرٹری، محمد ابراہیم محمد شہی ڈپٹی یونٹ سیکرٹری جبکہ حاجی فاروق شاہوانی، عزیز اللہ شاہوانی، ملک رفیق شاہوانی، حاجی خادم حسین مینگل، ثناء اللہ قمبرانی و دیگر ضلعی کونسلران منتخب ہوئے۔