عالمی یوم خواتین: الندور میں خواتین منشیات کیخلاف سڑکوں پر نکل آئے

398

بلوچستان کے ضلع کیچ کے تحصیل بلیدہ کے علاقے الندور میں عالمی یوم خواتین کی موقع پر منشیات کے خلاف ریلی نکالی گئی۔

ریلی میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، احتجاج میں شریک خواتین نے کہا کہ ہم اپنے بچوں کی خاطر نکلے ہیں جن کو منشیات کے ذریعے تباہ کیا جارہا ہے۔

ریلی کے شرکاء الندور کے سڑکوں پر نعرہ بازی کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کررہے تھے کہ منشیات کی روک تھام کیلئے حقیقی معنوں میں کاروائی کی جائے۔

ریلی میں شریک ایک خاتون دُر بی بی نے کہا کہ آج پہلی مرتبہ ہم 8 مارچ خواتین کے دن کی مناسبت سے باہر نکل آئے ہیں ہماری پسماندہ سماج میں مجھے بھائی یا شوہر کی طرف سے تشدد نہیں کی جاتی ہے بلکہ ہم اس ریاست سے پریشان ہیں۔

دُر بی بی نے کہا کہ منشیات نے ہماری نسل کو تباہ کیا ہے سرکار اور اس کے لوگوں کے ذریعے یہ زہر ہمارے بچوں کو دی جارہی ہے۔

دُر بی بی کے مطابق یہاں کبھی خواتین باہر نہیں نکلتی ہیں، لیکن آج ہم اس حد تک مجبور ہیں کہ سڑکوں پر نکل آئیں۔ انہوں نے کہا کہ اس دور دراز علاقے سے ہماری آواز حکمرانوں تک شاید نہیں پہنچے لیکن یہاں ہمارے سر پر بھیٹے بندوق برداروں سے کہنا چاہتے ہیں کہ اس منشیات کی ترسیل میں تمہارا ہاتھ ہے۔

یاد رہے کہ منشیات کے خلاف پچھلے سال اسی گاؤں سے خواتین نے ایک ریلی نکالی تھی اور بعد ازاں اسی علاقے سے نوجوانوں کی بڑی تعداد نے منشیات کے خلاف تحریک شروع کی جو بعد ازاں بلوچستان بھر میں پھیل گیا۔