دومارچ یوم ثقافت کو بلوچ لاپتہ افراد سے اظہار یکجہتی کے طور پر منایا جائے گا – بلوچ یکجہتی کمیٹی کراچی

382

بلوچ یکجہتی کمیٹی کراچی کے ترجمان نے بلوچ یوم ثقافت کے مناسبت سے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ثقافت قوموں کی پہچان ہے اور ثقافت ہی قوموں کو زندہ رکھتی ہے۔

دنیا میں تہذیب یافتہ قوموں نے ہمیشہ اپنی زبان، لباس،رسم ورواج اور روایات کو زندہ رکھنے کی ہر ممکن کوشش کی ہے اس لئے وہ قومیں دنیا کے نقشے میں نہ صرف اپنا وجود برقرار رکھ پائے ہیں بلکہ دنیا کی ترقی میں ایک اہم کردار ادا کررہے ہیں۔

ترجمان نے مزید کہا کہ بلوچ ثقافت ہزاروں سالوں پر محیط ہے اور بلوچ قوم متعدد مشکلات کے باوجود اپنے زبان ،لباس اور رسم و رواج کو زندہ رکھنے میں کامیاب ہوا ہے۔

زبان و ثقافت کے بغیر قوموں کا وجود برقرار نہیں رہ سکتا اور اپنے قومی ثقافت کو برقرار رکھنے کے لئے ہمیں ہر حالات میں جدوجہد کی راہ اختیار کرنے کی ضرورت ہے تاکہ بلوچ قوم کے زبان اور رسم و رواج کو برقرار رکھ کر بلوچ قوم کے وجود کو محفوظ بنایا جاسکے۔

ترجمان نے اپنے بیان کے آخر میں کہا کہ بلوچ یکجہتی کمیٹی بلوچ یوم ثقافت کو بلوچ لاپتہ افراد سے اظہار یکجہتی  کے طور پر منائے گا۔ یوم ثقافت کے مناسبت سے کراچی آرٹس کونسل سے پریس کلب کراچی تک کلچرل واک منعقد کیا جائے گا اور لاپتہ افراد کے کیمپ میں شرکت کرکے لاپتہ افراد سے اظہار یکجہتی کی جائے گی۔