پاکستان کے دورے پر گئے ہوئے افغان طالبان کے وفد نے پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔
دوران ملاقات بین الافغان مذاکرات میں پیش رفت سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملا عبدالغنی برادر کی قیادت میں طالبان سیاسی کمیشن کے وفد نے پاکستانی دفتر خارجہ اسلام آباد میں ملاقات کی، دوران ملاقات افغان امن عمل میں پیش رفت پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
طالبان وفد سے ملاقات کے بعد نیوز کانفرنس میں پاکستانی وزیر خارجہ نے کہ افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار کو سب تسلیم کر رہے ہیں۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان میں دیرپا اور مستقل قیام امن کا خواہاں ہے، ہم پاکستان اور افغانستان کے مابین دو طرفہ تجارت کے فروغ کیلئے تجارتی معاہدوں کو مزید فعال بنانے کے خواہشمند ہیں۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ طالبان اس بات پر قائل ہیں کہ افغان لڑائی کا جاری رہنا کسی کے مفاد میں نہیں۔
انہوں نے کہا کہ طالبان افغان امن عمل میں پاکستان کے مثبت اور تعمیری کردار کے معترف ہیں۔