پاکستانی وزیراعظم کا متوقع دورہ تربت، شہر میں غیر اعلانیہ کرفیو نافذ

393

پاکستانی وزیراعظم عمران خان کے متوقع دورہ تربت کے دوران ضلعی انتظامیہ کی طرف سے شہر میں غیر اعلانیہ کرفیو نافذ، کاروبار اور تعلیمی ادارے بند جبکہ جلسہ کے علاوہ عام لوگوں کو شہر آنے سے منع کیا گیا ہے ۔

 دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک رپورٹ کے مطابق پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان 13 نومبر جمعہ کے دن تربت کا دورہ کرنے والے ہے جہاں وہ عسکری وضع کردہ اصطلاح جنوبی بلوچستان کے لیے متوقع ترقیاتی خصوصی پیکج کا اعلان کریں گے۔

ان کے دورہ کی وجہ سے ضلعی انتظامیہ کیچ نے 13 نومبر کو تربت شہر میں غیر اعلانیہ کرفیو نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 13 نومبر کو انتظامیہ کے ایک حکم نامے کے تحت شہر کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے اور ہسپتال بند رہیں گے اس کے علاوہ انجمن تاجران کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ اپنی کاروبار بند کر کے اس دن شٹر ڈاون کریں، اس کے علاوہ تمام اسکولوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ 13 نومبر کو کرکٹ اسٹیڈیم میں عمران خان کے جلسہ میں اپنے طلبہ و طالبات کے ساتھ لازمی شریک ہوں جس کا مقصد جلسہ گاہ میں لوگوں کی تعداد میں اضافہ کرنا اور وزیراعظم کو یہ تاثر دینا ہے کہ کیچ کے لوگ ان کی حکومتی پالیسیوں کے ساتھ ہیں۔

اسی طرح انتظامیہ نے 13 نومبر کو سڑکیں بند کرکے صرف ان لوگوں کو سفر کرنے کی اجازت دی ہے جن کے گاڑیوں اور موٹر سائیکل پر حکمران جماعت پی ٹی آئی یا باپ کے جھنڈے ہوں گے اور وہ جلسہ میں شرکت کریں گے۔

عوامی حلقوں کی جانب سے انتظامیہ کی جانب اقدامات کی شدید مذمت کی جارہی ہے ۔