بلوچ یکجہتی کمیٹی مظفرگڑھ کا بلوچستان کی اسکالرشپس کے خاتمے پر احتجاج

106

بلوچ یکجہتی کمیٹی مظفرگڑھ کی جانب سے کچہری چوک مظفرگڑھ میں بلوچستان کی اسکالرشپس کے خاتمے اور ٹرائبل ایریا ڈیرہ غازیخان ڈویژن کے لیے اسکالرشپس کے اجراء کیلئے احتجاج کرنے والے طلباء سے اظہاریکجہتی کیلئے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

مظاہرے سے خطاب میں سردار محسن ایاز نے یونیورسٹی انتظامیہ کے فیصلے کو ایک جابرانہ فیصلہ قرار دیا ۔اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ پہلے سے استحصال کے شکار ان علاقوں پر توجہ دینے کے بجائے ان کے ساتھ مزید زیادتیاں کی جارہی ہیں جو کہ ناقابل قبول ہیں۔

اس موقع پر ضیاء الحق دستی نے حکومت سے اپیل کی کہ بلوچ طلباء کے جائز آئینی مطالبات مانے جائیں وگرنہ احتجاجی دائرہ کار کو وسعت دیں گے۔ انہوں نے بلوچ طلباء کی پرامن جدوجہد پر ان کو خراج تحسین پیش کی۔

بلوچ اسٹوڈنٹس کونسل ملتان کے وائس چیئرمین قدیر بلوچ نے احتجاج میں شریک تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس بے حس دور میں بلوچوں کے لیے آواز اٹھانے پر شرکاء داد کے مستحق ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بلوچ طلباء مسلسل 27 دن سے سڑکوں پر سراپائے احتجاج ہیں مگر حکومت ٹس سے مس نہیں ہورہی حکومتی بے حسی کے خاتمے کیلئے ضروری ہے کہ تمام تعلیم دوست ساتھی مل کر ایک مضبوط آواز اٹھائیں۔