تربت : آن لائن کلاسز کے خلاف بی ایس او کا بھوک ہڑتالی کیمپ کا انعقاد

139

تربت بی ایس او تربت زون کی جانب سے آن لائن کلاسز اور ایچ ای سی کے پالیسیوں کیخلاف شہید فدا چوک پر سہ روزہ علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ کا انعقاد کیا گیا، کیمپ کے پہلے روز طلبہ اور مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے شخصیات نے کیمپ میں شرکت کرکے طلباء  سے اظہار یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔

اس موقع پر بی ایس او تربت زون کے صدر عظیم بلوچ، سینئر نائب صدر کریم شمبے، نائب صدر اختیار جواد، کراچی زون کے صدر عبداللہ میر، تربت کالج کے یونٹ سیکرٹری سرور سخی، کالج یونٹ کے سینئر ممبر نسیم میرزا، حمدان زاہد و دیگر ممبران موجود تھے۔

بی ایس او کے رہنماؤں نے کہا کہ ہم طلباء  اپنا حق مانگ رہے ہیں، ہم آن لائن کلاسز کے ہرگز خلاف نہیں لیکن سہولیات کی عدم دستیابی کی وجہ سے ہم آن لائن کلاسز کا حصہ نہیں بن سکتے جسکی وجہ سے ہمارا تعلیمی مستقبل داؤ پہ لگا ہوا ہے۔

رہنماؤں نے مزید کہا کہ ہم انصاف چاہتے ہیں اس حبس ذدہ موسم اور شدید گرمی میں انصاف کے لئے احتجاج کررہے ہیں خدارا ہمیں انصاف فراہم کیا جائے ہم ہائیر ایجوکیشن کمیشن کو اس احتجاج کی توسط سے یاد دہانی کراتے چلے کہ انصاف کی عدم فراہمی تک احتجاج کا دائرہ وسیع تر ہوتا جائیگا سہ روزہ علامتی کیمپ کے اختتام پہ آئندہ لائحہ عمل جلد جاری کیا جائیگا۔

کیمپ میں بی این پی کے مرکزی رہنماء میر باہڈ دشتی ضلعی صدر واجہ شے نزیر بلوچ جنرل سیکرٹری عبدالواحد بلیدی نے شرکت کرکے بی ایس او کے موقف کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس سہ روزہ علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔