نواب خیربخش مری سے متعلق حمل حیدر کے خیالات پارٹی کا ترجمانی نہیں کرتے ہیں۔ مرکزی ترجمان بی این ایم

649
بلوچ نیشنل موومنٹ کے ترجمان نے کہا ہے کہ پارٹی کے خارجہ سیکریٹری حمل حیدر بلوچ کا نواب خیر بخش مری کے بارے میں خیالات پارٹی پالیسی کی ترجمانی نہیں کرتے ہیں۔ سوشل میڈیا میں حمل حیدر کے تبصرے اس کی ذاتی رائے ہیں چونکہ وہ پارٹی کے ایک اہم عہدہ پر فائز ہیں اوران کی باتیں اہمیت رکھتے ہیں اورنواب صاحب سے متعلق ان کی رائے کسی بھی عنوان پر پارٹی پالیسی اوراقدارسے مطابقت نہیں رکھتے ہیں اس لئے اس بارے میں اس سے باز پُرس ضرور ہوگی۔جدید بلوچ نیشنلزم اورپاکستانی قبضے کے خلاف نواب صاحب کا کردار وضاحت اور تشریح کی محتاج نہیں ہے جس پر پارٹی اور پارٹی کے عظیم لیڈر شہید غلام محمد بلوچ بارہا اظہار کرچکے ہیں، انہیں بلوچ آزادی پسند تنظیموں کی طرف سے مختلف القاب وخطاب سے نوازا گیاہے۔
انہوں نے کہا کہ نواب خیربخش مری بلاشبہ عظیم نظریاتی سیاستدان تھے۔ انہوں نے بلوچ قومی تحریک آزادی کی بنیاد استوار کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ نواب صاحب وہ واحد سیاستدان تھے جو خطے اوردنیا کی سطح پر طاقتوں کے مواقف و مخالفت، طاقتوں کے عروج و زوال کے باوجود اپنی موقف پر ثابت قدم رہے۔ موجودہ تحریک کے احیا میں ان کا کردار ناقابل فراموش ہے۔ ہمیں اعتراف ہے کہ ان الفاظ سے نواب صاحب کے شخصیت و کردارکا احاطہ ناممکن ہے۔
ترجمان نے کہا کہ نواب صاحب سے بغاوت اور ان کی شان میں سوشل میڈیا میں غلط الفاظ استعمال کرنے پر ہم نے کئی دوسری تنظیموں یا شخصیات سے اعلانیہ اختلاف کی۔ ہم نے ہر اُس عنصر کی مخالفت کی ہے جو نواب صاحب کی جد وجہد کو کمتر پیش کرنے کی کوششیں کرتے رہے ہیں۔ دوسری طرف بی این ایم کا سوشل میڈیا کے بارے میں ایک واضح پالیسی ہے۔ اس بارے میں بی این ایم کے چیئرمین کے بیانات اورسیکریٹری ڈاکٹر مراد بلوچ کا ایک ہدایت نامہ بھی موجود ہے۔ اس کی پاسداری تمام کارکنان پر فرض ہے۔
ترجمان نے کہا ایک سیاستدان کی حیثیت سے نواب صاحب یا کسی بھی دوسری سیاسی شخصیت کی طریقہ کار پر اختلاف کیا جاسکتا ہے لیکن کوئی ایسا لفظ استعمال کرنا ایک غیر سیاسی عمل ہوگا جو کسی کی شخصیت و رتبہ اور اس کے پیروکاروں کو اذیت سے دوچار کرے۔ جہاں تک اختلاف رائے کا سوال ہے تو بی این ایم ہمیشہ اس کا پرچار کرتا آ رہا ہے اور اختلاف رائے کا احترام کرتا ہے گوکہ ہمارے خلاف ناشائستہ زبان استعمال ہوئی ہے اور بعض جانب سے غیرسیاسی حملے ہوتے رہے ہیں لیکن ہم نے سیاسی اقدار کو ہمیشہ مقدم رکھا ہے، غیرسیاسی رویوں کا شکار نہیں ہوئے اورہم نے سیاسی کلچر پروان چڑھانے کی کوشش کی ہے۔ پارٹی آج بھی اختلاف رائے کا قائل ہے اور مثبت اور تعمیری اختلاف رائے کو پارٹی اور تحریک کے نشوونما کے لئے ضروری سمجھتا ہے۔ اختلاف رائے کے نام اپنے اسلاف اور ہستیوں پر کیچڑ اچھالنا قابل مذمت فعل ہے۔ ہم واضح کرتے ہیں کہ نواب صاحب کی شخصیت اور سیاست کو ایڈولف ہٹلر سے مماثل قرار دینا بلاشبہ غیر سیاسی اور ایک ناقابل قبول عمل ہے۔
انہوں نے کہا ہمارے خارجہ سیکریٹری نے نواب صاحب کی سیاست کے متعلق جو الفاظ استعمال کئے ہیں وہ نہایت قابل افسوس اور ان کی غیر سنجیدگی کا مظہر ہیں۔ حمل حیدر کا نواب خیر بخش مری سے متعلق الفاظ سے بلاشبہ بلوچ قومی آزادی سے جڑے ہزاروں لوگوں اور قومی تحریک کے بہی خواہوں کی دل آزاری ہوئی ہے۔ان تمام لوگوں کی جذبات کا احترام کرتے ہوئے ہم واضح کرتے ہیں کہ حمل حیدر سے ضرور باز پرس کی جائے گی اور موصوف کے الفاظ کسی بھی صورت میں پارٹی پالیسی کے ترجمانی نہیں کرتے ہیں۔