روس کے صدر ولادی میر پوتین اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شدت پسند تنظیم داعش کو مکمل طور پر شکست دے دینے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے اس رائے کا اظہار کیا ہے کہ شامی جنگ کا کوئی فوجی حل نہیں ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق روسی اور امریکی صدور نے یہ بات ویت نام کے شہر ڈانانگ میں ہونے والی ایشیا بحرالکاہل کی اقتصادی تعاون کی تنظیم ایپک (APEC) کی سربراہی کانفرنس کے موقع پر ہفتہ کو جاری کردہ ایک مشترکہ بیان میں کہی۔
ماسکو میں روسی صدر کے دفتر نے بتایا کہ اس بیان میں صدر پوتین اور ان کے امریکی ہم منصب ٹرمپ نے اتفاق کیا کہ روس اور امریکا داعش کو مکمل طور پر شکست دینے کا پختہ ارادہ رکھتے ہیں۔
اس کے علاوہ کریملن کی طرف سے اس کی ویب سائٹ پر یہ بھی کہا گیا کہ شام کی کئی سالہ خانہ جنگی کا فوجی طاقت کے استعمال سے کوئی حل نہیں نکالا جا سکتا بلکہ اس مقصد کے لیے جنیوا میں اقوام متحدہ کی ثالثی میں ہونے والے امن بات چیت کو کامیاب بنانے کے لیے ضروری ہے کہ اس خونریز تنازع کے تمام فریق ان مذاکرات میں حصہ لیں۔