تربت یونیورسٹی اسائمنٹ کے حوالے سے اپنی پالیسی پر نظر ثانی کرے – بی ایس او پجار

238

بی ایس او پجار تربت زون کے ترجمان نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ تربت یونیورسٹی کے سوشل سائنسز فیکلٹی کے سربراہ کی طرف سے اس کے زیر اختیار چار ڈیپارٹمنٹس کے طلباء اور طالبات کو امتحان کے بجائے اسائمنٹ دی ہے جس کو یونیورسٹی انتظامیہ کا فیصلہ قرار دیا ہے اور فیصلہ صرف ایک فیکلٹی پر لاگو ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یونیورسٹی میں کوئی یکساں پالیسی نہیں۔ وبا کی صورت حال پر کیا گیا فیصلہ طلباء اور طالبات کے حق میں نہیں کیونکہ کہ ضلع کیچ میں آن لائن کلاس بغیر انٹرنیٹ کے ممکن نہیں تو پھر اسائنمنٹ بغیر انٹرنیٹ کیسے ہوسکتی ہیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ اس کے علاوہ تربت یونیورسٹی کے طلباء اور طالبات زیادہ تر دور دراز اور پسماندہ علاقوں سے تعلق رکھتے ہیں جہاں انٹرنیٹ تو دور کی بات ہے بجلی تک میسر نہیں، بی ایس او پجار تربت زون اس فیصلہ کو سختی سے رد کرتی ہیں اور یونیورسٹی انتظامیہ اور سوشل سائنسز فیکلٹی کے سربراہان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس فیصلہ کو واپس لے اور یونیورسٹی میں یکساں پالیسی پر غور کریں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ بی ایس او پجار طلباء اور طالبات کے ساتھ کوئی زیادتی برداشت نہیں کریں گی۔ تربت یونیورسٹی کے حالیہ فیصلے اور ایچ ای سی کے فیصلے ایک دوسرے سے متضاد ہے۔

ترجمان نے کہا کہ اگر اس فیصلے کو واپس نہیں لیا گیا تو بی ایس او پجار تربت یونیورسٹی کے طلباء اور طالبات کے ساتھ مل کر یونیورسٹی کے خلاف پریس کانفرنس اور سوشل میڈیا پر بھرپور مہم چلائے گئی۔