بلوچستان پرائیویٹ اسکولز گرینڈ الائنس نے بلوچستان حکومت کی جانب سے مسائل نظرانداز کئے جانے پر انوکھے احتجاج کا فیصلہ کرلیا ہے۔
نجی اسکولوں کی جانب سے علامتی طور پر چابیاں بارہ مئی کو وزیراعلیٰ ہاؤس میں جمع کرائی جائیں گی۔
پرائیویٹ اسکولز گرینڈ الائنس کے ترجمان نذر بڑیچ نے بتایا کہ کوئٹہ کے نجی اسکولوں کی چابیاں 12مئی کو وزیراعلیٰ ہاؤس میں جمع کرائیں گے، جبکہ دوسرے مرحلے میں اضلاع میں نجی اسکولوں کی چابیاں ڈپٹی کمشنرز کے دفاتر میں جمع کرائی جائیں گی۔ فیصلہ نجی اسکولوں کو درپیش مسائل اور حکومت کی جانب سے یکسر نظرانداز کئے جانے پر کیا گیا ہے۔
نذر بڑیچ نے کہا کہ نجی اسکول گزشتہ دسمبر سے بند ہیں، 90فیصد نجی اسکول کرائے کی جگہ پر ہیں، 50ہزار سے زائد عملے کا روزگار بھی وابستہ ہے، کورونا وائرس اور اسکولوں کی بندش کی وجہ سے نجی تعلیمی ادارے بدترین معاشی بحران کا شکار ہیں، مگر کوئی پرسان حال نہیں۔