بلوچستان پہ جبری قبضے کا دن، بلوچ رہنماؤں کا ردعمل

597

ستائیس مارچ کو بلوچستان سمیت دنیا بھر میں بلوچ قوم پرست حلقوں کی جانب سے ہر سال کی طرح یوم سیاہ کے طور پر منایا جارہا ہے۔ عالمی وبا کرونا وائرس کے باعث بلوچ حلقوں نے دنیا بھر میں اپنے اعلان کردہ پروگراموں کو منسوخ کردیا تاہم سماجی رابطوں کی ویب سائیٹس کو آگاہی پہنچانے کے طور پر بھر پور استعمال کیا گیا۔

بلوچ سیاسی حلقوں کا موقف ہے کہ 27 مارچ 1948 کو بلوچستان پر پاکستان نے جبری الحاق کے ذریعے قبضہ کیا اور اس کے لیے پاکستانی فوج نے قلات سمیت بلوچستان کے دیگر علاقوں کو قبضے میں لیا۔ بلوچستان پر جبری قبضے کے دن کے حوالے سے بلوچ رہنماؤں نے رد عمل کا اظہار کیا۔

مسلح تنظیم بلوچ لبریشن آرمی کے سربراہ بشیر زیب بلوچ نے مائیکرو بلاگنگ کی ویب سائیٹ پر اس حوالے سے لکھا آج کے دن بلوچ سرزمین پر پاکستانی قبضے اور اس قبضے کے خلاف بلوچ مزاحمت کو بہتر سال مکمل ہوتے ہیں۔ بلوچ و پاکستان کے تعلقات کی بنیاد 27 مارچ 1948 ہے، جو دھوکہ دہی، فوجی جارحیت، وعدہ خلافی، قبضہ گیریت اور مزاحمت سے عبارت ہے۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ قبضہ گیریت اور جبری رشتے کو جتنے بھی سال گذر جائیں وہ اتنا ہی غیر قانونی رہے گا، جتنا وہ پہلے دن تھا۔ اس غیر قانونی عمل اور اپنی مکمل آزادی کیلئے بلوچ اسی طرح مزاحمت کرتے رہیں جس طرح انہوں نے پہلے دن ہی پرنس عبدالکریم خان کی صورت میں شروع کی تھی۔

بلوچستان لبریشن فرنٹ کے رہنما ڈاکٹر اللہ نذر بلوچ نے ستائیس مارچ کو یوم سیاہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ستائیس مارچ 1948 کو پاکستان نے طاقت کے ذریعے خودمختار بلوچ ریاست پر حملہ کرکے اس پر قبضہ کیا۔ تب سے بلوچ اپنی آزادی دوبارہ حاصل کرنے کے لیے جدوجہد کررہے ہیں۔ ہم اس دن کو یوم سیاہ کے طور پر مناتے ہیں اور اپنے مادر وطن کی آزادی تک اس جدوجہد کو جاری رکھنے کا عزم کرتے ہیں۔

اسی طرح بلوچ ریپبلکن آرمی کے سربراہ کے گلزار امام بلوچ نے کہا کہ ستائیس مارچ 1948 سے آج تک قبضے کے خلاف بلوچ قومی مزاحمتی تحریک ناقابل تردید اور ناقابل شکست ہوچکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچ مزاحمتی قوتوں کو مزید متحد ہوکر مزاحمت کو مزید توانائی فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔

خیال رہے بلوچ نیشنل موومنٹ اور بلوچ سوشل میڈیا ایکٹوسٹس کی جانب سے سوشل میڈیا پر کمپئین چلائی جارہی ہے جبکہ بی ایس او آزاد نے کمپئین کی حمایت کی ہے اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد #27MarchBlackDay کے ہیش ٹیگ کیساتھ کمپئین میں حصہ لے رہے ہیں جبکہ ہیش ٹیگ ٹرینڈ کررہا ہے۔