افریقہ : چاڈ میں فوجی اڈے پر حملہ، 92 اہلکار ہلاک

182

 افریقی ملک چاڈ میں شدت پسند تنظیم بوکو حرام نے فوجی اڈے پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں92 سے زائد اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق افریقی ملک چاڈ کے ایک جزیرے میں واقع فوجی اڈے پر بوکو حرام کے جنگجوؤں نے دھاوا بول دیا، چاڈ فوجیوں اور جنگجوؤں کے درمیان 7 گھنٹے تک گھمسان کی جنگ جاری رہی۔

بوکوحرام کے جنگجو اسپیڈ بُوٹس کے ذریعے جزیرے پر پہنچے اور آرمی بیس پر حملہ کردیا۔ جنگجوؤں نے فوجی گاڑیوں کو بھی نذر آتش کردیا اور جاتے ہوئے اسلحہ اور فوجی ساز و سامان بھی ساتھ لے گئے۔ حملہ اتنا اچانک تھا کہ فوجیوں کو سنبھلنے کا موقع نہ مل سکا۔

واضح رہے کہ چاڈ میں 2009 سے بوکو حرام اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے اور بیشتر علاقوں میں جنگجوؤں کا تسلط ہے۔ جھڑپوں میں بڑے پیمانے پر معصوم شہریوں کا جانی اور مالی نقصان ہوا ہے۔