دو روز قبل کیچ کے علاقے مند گوبرد سے پاکستانی فورسز اور خفیہ اداروں کے اہلکاروں نے گھر پہ چھاپہ مار کر متعدد افراد کو گرفتار کرکے لاپتہ کردیا تھا جن میں سے دیگر سب کو رہا کردیا گیا تاہم ایک نوجوان جس کی شناخت پرویز ولد رسول بخش کے نام سے ہوئی تاحال لاپتہ ہے۔
دی بلوچستان پوسٹ کو موصول ہونے والی رپورٹس کے مطابق لاپتہ پرویز بلوچ کے دو بھائی وارث بلوچ اور زبیر بلوچ پہلے ہی پاکستانی فورسز اور خفیہ اداروں کے ہاتھوں قتل ہوچکے ہیں ۔
بلوچستان کی سیاسی جماعتوں اور تنظیموں کی جانب سے بارہا یہ موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پاکستانی فورسز اور خفیہ ادارے باقاعدہ منظم منصوبہ بندی کے بلوچ نوجوانوں کی سیاسی سرگرمیوں کی سزا ان کے خاندان والوں کو دے رہے ہیں۔
بلوچستان سے لاپتہ افراد کے لواحقین نے گذشتہ روز کراچی پریس کلب کے سامنے 48 گھنٹوں کی علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ بھی لگایا تھا۔