چمن: فورسز کے ہاتھوں نوجوان کے قتل کیخلاف احتجاج

230

چمن توبہ اچکزئی میں فورسز اہلکار کی فائرنگ سے نوجوان محمد داود جاںبحق، جاں بحق نوجوان کے لواحقین نے لاش کو چمن ڈپٹی کمشنر آفس کے سامنے رکھ کر احتجاج مظاہرہ کرتے ہوئے مال روڈ پر ٹائر جلاکر چمن کوئٹہ شاہراہ کو مکمل طور پر بند کردیا۔

احتجاج کے باعث چمن مال روڈ پر ٹریفک کی روانی میں خلل پڑنے سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

لواحقین میں شدید غم و غصہ پایا گیا۔ انہوں نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ملوث فورسز اہلکار کے خلاف ایف آئی آر درج کیا جائے۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ جب چمن پاک افغان سرحد بند ہوتا ہے تو چمن شہر میں بدامنی اور فورسز کی غنڈہ گردی شروع ہوجاتی ہے اور عوام پر ظلم و ستم پر ان سے کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہمیں انصاف نہ ملا تو ہم غیر معینہ مدت کیلئے چمن کوئٹہ شاہرہ کو مکمل طور پر بند کریں گے۔