کوئٹہ: یقین دہانی پر تحریک بحالی بی ایم سی کا احتجاج موخر 

244

بلوچستان اسمبلی کے سامنے احتجاجی دھرنا حکومتی نمائندگان کی یقین دہانی پر چالیس دن کیلئے موخر کردیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر کوئٹہ اورنگزیب بادینی، سیکریٹری صحت اور دیگر حکومتی نمائندوں کی طرف سے کامیاب مذاکرات کے بعد احتجاجی طلباء و طالبات اور ملازمین نے صوبائی اسمبلی کے سامنے تین دن سے جاری دھرنے کو 40 دن کے لیے موخر کرنے کا اعلان کیا۔

اس موقعے پر حکومتی نمائندگان نے کہا کہ مظاہرین کے تمام مطالبات غور کیا گیا اور مذکورہ مسائل کو یونیورسٹی انتظامیہ اور دیگر حکام کے ساتھ ملکر حل کیا جائے جبکہ اس حوالے سے قانونی تقاضے اپنائے جارہے ہیں تاکہ مسائل کو جلد حل کیا جائے۔

بی ایم سی ملازمین کے نمائندے اور طلبہ رہنماوں نے اس موقع پر کہا کہ حکومتی نمائندگان کے یقین دہانی پر ہم اپنا احتجاج چالیس روز تک موخر کررہے ہیں لیکن مطالبات پر عمل درآمد نہ ہونے پر اپنا احتجاج جاری رکھیں گے۔