کوئٹہ، پولیس اہلکار کی فائرنگ سے رکشہ ڈرائیور چل بسا

506

بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں پولیس اہلکار کی فائرنگ سے رکشہ ڈرائیورجاں بحق ہوگیا۔ پولیس نے فائرنگ میں ملوث کانسٹیبل کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق واقعہ پرنس روڈ پر ایک مسجد کے سامنے پیش آیا جہاں پولیس ناکہ لگا ہوا تھا۔ ایس ایچ او تھانہ سٹی شوکت جدون کا کہنا ہے کہ ناکے پر موجود ایک پولیس کانسٹیبل سے اچانک گولی چلی جو ساتھ گزرتے ہوئے رکشہ ڈرائیور کو لگی جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

واقعہ کے بعد فائرنگ کرنے والے کانسٹیبل مہدی کو گرفتار کرلیا گیا جس سے مزید پوچھ گچھ جاری ہے۔

فائرنگ میں ملوث کانسٹیبل نے پولیس کو بتایا ہے کہ کلاشنکوف زمین پر گرنے کے باعث گولی چلی۔ پولیس نے مقتول رکشہ ڈرائیور کی لاش سول اسپتال کوئٹہ منتقل کردی۔