بلوچستان کے ضلع جعفرآباد، کوئٹہ، جھل مگسی، ڈیرہ مراد جمالی اور سبی میں پیش آنے والے مختلف واقعات اور حادثات میں سکول طالب علموں سمیت 3 افراد جاں بحق جبکہ خواتین اور طالب علموں سمیت 7 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
ٹی بی پی نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ضلع جعفرآباد کے علاقے گوٹھ عبدالکریم ببر میں موٹرسائیکل پر سکول جانیو الے 4 طالب علم پھسلن کے باعث تعمیراتی کمپنی کے ایکسویٹر سے جا ٹکرائے جس کے نتیجے میں 11 سالہ طالب علم کاشف لاشاری اور 18 سالہ مرید احمد لاشاری موقع پر جاں بحق جبکہ 9 سالہ وحید لاشاری اور 11 سالہ عزیز لاشاری زخمی ہوگئے۔
اطلاع ملتے ہی ڈیرہ اللہ یار پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاشوں اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہسپتال ڈیرہ اللہ یار منتقل کردیا گیا، واقعے کے بعد ایکسویٹر ڈرائیور جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ہے۔
ڈاکٹروں کے مطابق زخمی طالب علموں کی حالت خطرے سے باہر ہیں، اس سلسلے میں مزید کارروائی جاری ہے۔
دریں اثنا کوئٹہ کے علاقے محمود آباد میں واقع گھر میں گیس سلنڈر پھٹنے سے ایک شخص جاں بحق جبکہ 2 خواتین زخمی ہوگئی۔
علاوہ ازیں ڈیرہ مرادجمالی پولیس تھانہ میرحسن کی حدود گوٹھ پیربخش شر کے قریب مسلح موٹرسائیکل سوارکی فائرنگ سے 18 سالہ نوجون زخمی ہوگیا جس کو زخمی حالت میں سول ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ مزید کارروائی متعلقہ انتظامیہ کررہی ہے۔
دریں اثناء سبی کے علاقے صدر تھانہ کی حدود میں ویگن اور رکشے میں تصادم کے نتیجے میں خاتون سمیت 2 افراد جمعہ خان ولد بہادر خان اور شہناز ولد موسیٰ جان زخمی ہوگئے جنہیں فوری طورپر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔