بلوچستان میں گٹکے کی خرید و فروخت پر پابندی عائد

226

بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے گٹکے کی خرید و فروخت پر پابندی عائد کردی۔ اس سلسلے میں نوٹیفکیشن تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ارسال کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی ابراہیم بلوچ کا کہنا ہے کہ فوڈ اتھارٹی کے عملے کو صوبے کی تمام شہروں میں دکانوں میں موجود گٹکہ ضبط کرنے کی ہدایت کی گئی ہے بلکہ ڈپٹی کمشنرز کو بھی اس سلسلے میں کارروائی سے متعلق کہا گیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ گٹکے کے استعمال سے نوجوان نسل منہ کے کینسر جیسے خطرناک مرض میں مبتلا ہورہے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ اور بی ایف اے حکام کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ احکامات ماننے سے انکار کرنے والے تاجروں کی دکانیں سیل اور ان پر جرمانے عائد کریں۔

ان کا کہنا ہے کہ ہم کسی کو بھی انسانی جانوں اور نوجوان نسل کی زندگیوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دینگے۔