مکران سوشل ایکٹیوسٹس کے آرگنائزر بالاچ قادر نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ مکران بھر میں تعلیم و صحت کا شعبہ زبوں حالی کا شکار ہے، تینوں اضلاع کے دیہی علاقے 90 فیصد صحت کی سہولتوں سے محروم ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ بنیادی تعلیم کا مسئلہ عوامی نمائندگان و محکمہ تعلیم کیلئے چیلنج بن گیا ہے۔ ایم ایس اے نئے سال کی شروعات میں منظم تحریک چلائے گی۔
بالاچ قادر کا مزید کہنا ہے کہ مکران میں لوگ بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں۔ علاقے میں تعلیم، صحت و دیگر ضروریات زندگی کا فقدان ہے۔ ضلع کیچ کے تحصیل دشت میں مختلف محکموں کے سینکڑوں ملازمین گھر بیٹھے تنخواہ وصول کررہے ہیں۔ سفارشی بنیادوں پر اساتذہ چھٹی لیکر ڈیوٹی دینے سے قاصر ہیں جبکہ محکمہ ماحولیات، محکمہ صحت، زراعت، بی اینڈ آر، اور سماجی بہبود کے شعبوں کے ملازمین صرف تنخواہ وصول کرنے کہ حد تک محدود ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ مکران سوشل ایکٹیوسٹس نئے سال کی آغاز پر مکران میں تعلیم و صحت کے مسائل کے حوالے سے بھر پور تحریک چلائے گی۔ مکران ڈویژن میں تعلیم و صحت کے نام پر مختص سرکاری بجٹ ہر سال خرد برد کا شکار ہوتا ہے جبکہ سرکاری اسکولوں کو چھت تک میسر نہیں، علاقے کے بچے بنیادی تعلیم سے محروم ہیں۔ تحصیل دشت میں بند اسکولوں کو کھولنے کیلئے اب تک کوئی اقدامات نہیں اٹھائے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ کمشنر مکران اپنی نگرانی میں تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دیکر شفاف رپورٹنگ کراکے غیرحاضر سرکاری ملازمین کے خلاف قانونی کاروائی کرے۔