تربت یونیورسٹی نئی تعمیر شدہ عمارت میں منتقل

258

یونیورسٹی آف تربت اپنی نئی تعمیرشدہ مستقل عمارت میں منتقل ہوچکی ہے۔

نئی عمارت میں منتقل ہونے کے تاریخی موقع پر یونیورسٹی انتظامیہ کا پہلا باقاعدہ اجلاس نئی بلڈنگ کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا جس کی صدارت یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر نے کہا کہ چارسال کے قلیل مدت میں ایک اعلیٰ تعلیمی ادارے کی بلڈنگ کی تکمیل اور وہاں درس وتدریس کا آغاز اپنے آپ میں ایک مثال ہے جو یونیورسٹی انتظامیہ کی لگن، اساتذہ کرام کی دن رات محنت اورپروجیکٹ ڈائریکٹرمنظوراحمد بلوچ اور اور اس کے عملے کی اہلیت کی واضح مثال ہے۔

جس کے لئے ہائرایجوکیشن کمیشن اور اس کے چیئرمین ڈاکٹر مختاراحمد، گورنر بلوچستان و چانسلرتربت یونیورسٹی محمدخان اچکزئی، وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری، اورسابق وزیراعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی دلچسپی اور معاونت کے علاوہ مکران اور خاص طورپر تربت کے سیاسی وسماجی اکابرین اورصحافیوں کا تعاون قابل ذکرہے۔ اجلاس میں تربت یونیورسٹی کے رجسٹرار ڈاکٹر حنیف الرحمان ، ڈائریکٹر فنانس غلام فاروق بلوچ ،کنٹرولرامتحانات تنویر احمد،انسٹیٹیوٹ آف بلوچی لینگویج اینڈ کلچر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عبدالصبور بلوچ، ڈائریکٹر پلاننگ محمد حیات بلوچ، ڈائریکٹر کیوای سی ڈاکٹر گل حسن،چیئرمین شعبہ کامرس عبدالماجد ناصر، پولیٹیکل سائنس مظفرحسین، منیجمنٹ سائنسز کے چیئرمین بدل خان،کمپیوٹر سائنس کے چیئرمین مظہر محسن، شعبہ ایجوکیشن کے چیئرپرسن مہناز اسلم، شعبہ انگلش کے چیئرمین شاہ میر بلوچ، شعبہ اکنامکس کے چیئرمین عبدالقیوم بلوچ ، انچارج آئی ٹی عبدالحکیم اور ڈپٹی پروجیکٹ ڈائریکٹر کاشف بلوچ نے شرکت کی۔

اس عظیم کامیابی پر علاقے کے لوگوں کو مبارکباد دیتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے پروجیکٹ ڈائریکٹر اور عملہ کے علاوہ یونیورسٹی انتظامیہ اور فیکلٹی ممبران کی کارکردگی کو سراہا اورکہا کہ اپنے محدود وسائل کے اندر اور کرایے کے عمارتوں میں تربت یونیورسٹی نے جس رفتار سے ترقی کے منازل طے کئے ہیں اب نئی بلڈنگ میں منتقل ہونے کے بعد اعلیٰ تعلیم کے میدان میں ترقی کے اس سفر میں مزید تیزی آئے گی۔انہوں نے کہا کہ نئی بلڈنگ میں تعلیمی سرگرمیوں کے آغاز کے ساتھ علاقے کے لوگوں کا ایک دیرینہ خواب پورا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی مستقل عمارت میں منتقل ہونے کے بعد یہاں تدریسی پروگرامز میں وسعت لانے کے علاوہ گوادر میں قائم تربت یونیورسٹی کے سب کیمپس میں بھی مزید پروگرام شروع کرنے کے لئے منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ اجلاس میں مختلف تدریسی اور انتظامی شعبوں کے سربراہان نے وائس چانسلر کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے یونیورسٹی کی ترقی میں مزید محنت کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔اس موقع پر مختلف تدریسی اور انتظامی شعبوں کے سربراہان نے وائس چانسلر کی قیادتمیں مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا اور وہاں پر دستیاب تدریسی سہولیات پر اطمینان کا اظہارکیا۔