کوئٹہ، قلعہ عبداللہ اور پشین کو مزید اضلاع میں تقسیم کرنے کی تجویز

597

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیرصدارت منعقد ہونے والے اجلاس میں ضلع کوئٹہ، قلعہ عبداللہ اور پشین کو مزید اضلاع میں تقسیم کرنے اور پشین اور قلعہ عبداللہ پر مشتمل نئے ڈویژن کے قیام کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔

سینیٹر منظور احمد کاکڑ، صوبائی وزراء زمرک خان اچکزئی، میر اسد بلوچ، عبدالخالق ہزارہ، ملک نعیم بازئی، پارلیمانی سیکریٹری بشریٰ رند، مبین خان خلجی، اراکین صوبائی اسمبلی اصغر خان اچکزئی، عبدالقادر نائل، شاہینہ کاکڑ، چیف سیکریٹری فضیل اصغر، متعلقہ محکموں کے سیکریٹریوں اور حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ عوام کی سہولت، انتظامی اور ترقیاتی امور کی بہتر انداز میں انجام دہی اور آبادی میں اضافے کے پیش نظر نئے اضلاع کا قیام عمل میں لانے کی تجویز کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے اتفاق رائے سے فیصلہ کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے اس موقع پر کہا کہ نئے اضلاع کے قیام کی گنجائش موجود ہے، انہوں نے محکمہ بورڈ آف ریونیو اور کمشنر کوئٹہ ڈویژن کو نئے ڈویژن اور اضلاع کے قیام کی تجویز کے تما م پہلوں اور زمینی حقائق کا جائزہ لے کر تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔