ڈیرہ بگٹی: این اے 259 میں دوبارہ پولنگ کل ہوگی

98

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 259میں ڈیرہ بگٹی کے 29پولنگ اسٹیشنوں میں دوبارہ پولنگ کل 17نومبر بروز اتوار کو ہو رہی ہے۔

اس نشست پر جمہوری وطن پارٹی کے نوابزادہ شاہ زین بگٹی کی کامیابی کو دوسرے نمبر پر آنے والے آزاد امیدوار میر طارق کھیتران نے چیلنج کیا تھا اور الیکشن کمیشن نے 27 پولنگ اسٹیشنوں پر 17 نومبر کو دوبارہ پولنگ کا حکم جاری کیا بعد میں الیکشن ٹریبونل کے فیصلے کی توسیع سپریم کورٹ آف پاکستان نے بھی کردی تھی۔

اس سلسلے میں گذشتہ روز پولنگ کے انتظامات کو آخری شکل دے دی گئی، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر سیف دین جمالی کیمطابق 29پولنگ اسٹیشنوں میں پولنگ کا عملہ اور پولنگ کا سامان پہنچا دیا گیا۔

ان 29 پولنگ اسٹیشنوں میں زیادہ تر پولنگ اسٹیشن حساس قرار دئیے گئے ہیں اس صورت میں سکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کے دعوے کیے گئے ہیں تمام پولنگ اسٹیشنوں میں پولیس،لیویز اور ایف سی اور پاکستان آرمی کے تعینات کیے گئے ہیں۔

ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر سیف دین جمالی کے مطابق 29 پولنگ اسٹیشنز میں کل ایک سو گیارہ بوتھ قائم کئے گئے ہیں ان 29 پولنگ اسٹیشنز میں سے 9 خواتین 8 مردوں جبکہ بارہ کمبائنڈ پولنگ اسٹیشنز ہونگے جبکہ کل سینتالیس ہزار تین سو سے زائد ووٹرز اپنے حق رائے دہی کا استعمال کر پائیں گے۔