جامعہ بلوچستان جنسی اسکینڈل میں ملوث کرداروں کو سزا دی جائے – بلوچ طلباء کونسل

151

بلوچ اسٹوڈنٹس کونسل لیاری کے ترجمان نے اپنے جاری کردہ بیان میں مطالبہ کیا ہے کہ بلوچستان یونیورسٹی جنسی ہراسگی میں ملوث کرداروں کو قانون کے مطابق سزا دیکر طالب علموں کے ساتھ انصاف کیا جائے کیونکہ بلوچستان یونیورسٹی کے طالب علم اس واقعے کے خلاف گزشتہ کئی دنوں سے احتجاج پر ہیں۔ اگر انکے ساتھ انصاف نہیں کیا گیا اور ملوث کرداروں کو سزا نہ دی گئی تو ترقی و خوشحالی کا خواب ہمیشہ کے لئے دفن ہوجائیگا۔

بلوچستان یونیورسٹی سمیت صوبے کے مختلف تعلیمی اداروں میں طلبہ و طالبات جنسی ہراسگی کا سامنا کررہے ہیں اور ان تمام واقعات کی ذمہ دار وہاں تعینات انتظامیہ پر عائد ہوتی ہیں۔

بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے ریمارکس اور چئیرمین سینیٹ کے بیان کو قابل قدر قرار دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ انکے تجاویز پر عمل کرکے ہی ہم طالب علموں کے حقوق کو محفوظ بنا سکتے ہیں۔

اس واقعے کو دبانے کی کوششیں قابل مذمت ہے، اگر اس واقعات کو دبایا گیا تو بھرپور احتجاج کریں گے۔

ترجمان نے اپنے بیان کے آخر میں کہا کہ ہماری ہمدردیاں بلوچستان یونیورسٹی واقعے سے متاثرہ طلبہ و طالبات کے ساتھ ہے۔ان طالب علموں سے اظہار یکجہتی کے لئے ہفتے کو کراچی پریس کلب میں مظاہرہ کیا جائے گا جس میں تمام مکتبہ فکر کے لوگوں کی شرکت ضروری ہے۔