جیونی میں بڑا آپریشن، پونے 3 ارب کی منشیات پکڑلی گئی

657

بلوچستان کے علاقے جیونی میں پاک بحریہ، پاکستان کسٹمز اور میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے مشترکہ آپریشن کے دوران پونے 3 ارب سے زائد کی منشیات برآمد کرلی۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق جیونی کے علاقے پشوکان کے قریب میں پاک بحریہ، کسٹمز اور میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے انسداد منشیات آپریشن کے دوران القمبر نامی کشتی سے 100 کلو گرام سے زائد کرسٹل اور 170 کلو گرام سے زائد اسنتھیٹک ہیروئن برآمد کی ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ برآمد کی گئی منشیات کی مالیت تقریبا 2 ارب 74 کروڑ روپے سے زائد ہے۔ برآمد شدہ منشیات مزید قانونی کارروائی کے لئے کسٹم حکام کے حوالے کر دی گئی ہے۔

خفیہ اطلاعات پر کی گئی کارروائی کے دوران فشنگ بوٹ میں سوار 12 افراد کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔ اتنی بڑی تعداد میں منشیات کو کشتی میں خفیہ خانوں میں بڑی مہارت سے چھپایا گیا تھا۔ برآمد کی گئی منشیات کی بین الاقوامی مارکیٹ میں مالیت 2740.5 ملین روپے ہے۔