پاکستان کے سرحدی علاقے میں مزید دو ڈرون حملے

212
پاکستان اور افغانستان کے سرحدی علاقے میں مزید دو ڈرونز نے میزائل داغ دیئے تاہم فوری طور پر حملوں میں جانی نقصان کی اطلاعات نہیں مل سکیں۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز بھی پاک افغان سرحد پر کرم ایجنسی کے قریب ایک ڈرون نے ایک کمپاؤنڈ پر 4 میزائل داغے تھے جس کے نتیجے میں کمپاؤنڈ مکمل تباہ ہوگیا تھا جبکہ واقعے میں اہم طالبان کمانڈر اور ان کے متعدد ساتھیوں کے ہلاک ہونے کی اطلاعات تھیں۔

ابتدائی رپورٹس کے مطابق مذکورہ ڈرون حملہ شوپولا کے علاقے میں ہوا تھا جس میں 5 افراد ہلاک ہوئے تاہم سیکیورٹی ذرائع سے موصول ہونے والی حالیہ رپورٹس کے مطابق ڈرون حملے میں ہلاکتوں کی تعداد 25 ہوگئی۔

دوسری جانب فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ میں کرم ایجنسی کے پولیٹیکل انتظامیہ کے حوالے سے بتایا گیا تھا کہ گذشتہ روز ہونے والے ڈرون حملے میں 26 افراد ہلاک ہوئے۔

ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں طالبان کے اہم کمانڈر ابوبکر افغانی سید کریمی اپنے متعدد ساتھیوں سمیت ہلاک ہوگئے۔

تاہم اس حوالے سے طالبان اور دیگر ذرائع سے تصدیق نہیں ہوسکی۔

اس سے قبل رواں سال ستمبر میں کرم ایجنسی میں امریکی ڈرون حملے میں 3 افراد ہلاک اور 2 زخمی ہوئے تھے۔

خیال رہے کہ 21 اگست 2017 کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے نئی افغان پالیسی کے اعلان کے بعد مذکورہ علاقے میں ڈرون حملوں کی تعداد 5 ہوگئی ہے۔

گزشتہ سال مئی کے آخر میں بلوچستان میں ایک ڈرون حملے میں افغان طالبان کے امیر ملا اختر منصور کو ہلاک کیا گیا تھا۔