کوئٹہ میں محرم الحرام کے دوران نویں محرم کو سیکورٹی خدشات کے پیش نظر موبائل سروس معطل رہی جس کی وجہ سے شہریوں کوشدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ شہریوں نے سیکورٹی کے نام پر موبائل فون سروس کی بندش کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کو چاہیے کہ وہ موبائل سروس معطل نہ کریں۔
کوئٹہ سمیت بلوچستان کے سات اضلاع میں نویں محرم کو سیکورٹی خدشات کے پیش نظر موبائل سروس معطل رہی جس کی وجہ سے کوئٹہ کا دیگر علاقوں سے رابطہ منقطع رہی۔
پی ٹی اے نے موبائل فون سروسز کی بندش کے اوقات اور دورانیے کی تصدیق نہیں کی تاہم جن علاقوں سے محرم الحرام کے جلوس گزرتے ہیں وہاں صبح سے لے کر شام 8بجے تک موبائل سروس بند رہیگی۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ سیکورٹی کے نام پر موبائل سروس کی بندش غیر قانونی ہے حکومت کو چاہیے کہ وہ جلوس میں عزاداروں کی حفاظت کیلئے سیکورٹی کے انتظامات کرے، موبائل سروس کی بندش سے لوگوں کر پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ چند سالوں سے متعلقہ حکام پورے شہر کے تمام علاقوں کے بجائے ان مخصوص علاقوں میں موبائل سروسز معطل کرتے ہیں جہاں سے محرم الحرام کے جلوس کا گزر ہوتا ہے۔