بلوچستان: حالیہ پولیو کیسز کے سامنے آنے کے بعد خصوصی مہم کا آغاز کیا جائے گا

149

بلوچستان میں رواں سال پولیو کے چار کیسز سامنے آئے ہیں۔

ایمرجنسی آپریشن سینٹر بلوچستان کے کوارڈینیٹر راشد رزاق نے کہا ہے کہ بلوچستان سمیت دیگر علاقوں میں حالیہ پولیو کیسز رپورٹ ہونے کے بعد بلوچستان میں خصوصی پولیو مہم شروع کیا جارہا ہے۔ بلوچستان کے 7 اضلاع میں 7 روزہ خصوصی پولیو مہم شروع کی جائے گی۔

خصوصی پولیو مہم 26 اگست سے، کوئٹہ اور پشین میں 28 اگست سے نصیرآباد، جعفرآباد، جھل مگسی، صحبت پور جبکہ قلعہ عبداللہ میں 2 ستمبر سے شروع کیا جائے گا۔

بلوچستان میں رواں سال پولیو کے چار کیسز سامنے آئے ہیں دو قلعہ عبداللہ، ایک کوئٹہ جبکہ ایک جعفرآباد میں رپورٹ ہوا ہے جس کی بنیاد پر پولیو کی خصوصی مہم شروع کی جارہی ہے۔ پولیو مہم کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے 10لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

ایمرجنسی آپریشن سینٹر بلوچستان کے کوارڈینیٹر راشد رزاق نے کہا ہے کہ پولیو مہم کے دوران 4 ہزار460 کے قریب ٹیمیں حصہ لینگی جبکہ 3 ہزار 732 موبائل ٹیمیں 265 فکسڈ سائیڈ اور 383 ٹرانزٹ ٹیمیں شامل ہونگی۔

واضح رہے کہ پوری دنیا میں پاکستان اور افغانستان ایسے ممالک میں شامل ہیں جہاں پولیو وائرس ابھی تک موجود ہے، رواں سال پاکستان میں پولیو کے 53 کیسز سامنے آئے ہیں جس کو ایک چیلنج سمجھا جارہا ہے۔

سماجی حلقوں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ پولیو وائرس کے خلاف سب کو ملکر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، خصوصا ًوالدین کسی قسم کے بھی منفی پراپیگنڈے پر کان نہ دھریں کیونکہ حال ہی میں ہونے والے کیسز کی ایک بڑی وجہ عدم تعاون بھی ہے۔ بچوں کا مستقبل صحت مند اور محفوظ بنانے کے لئے ان قطروں کا پھلانا ضروری ہے، صرف ویکسین کے ذریعے ہی بچوں کو پولیو سے بچایا جا سکتا ہے۔