ضیا لانگو کا امان اللہ زہری قتل میں ملوث افراد کو دو روز کا الٹی میٹم

765

بلوچستان کے وزیر داخلہ ضیا لانگو نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان نیشنل پارٹی کے رہنما امان اللہ زہری کے قتل میں ملوث افراد کو دو روز کا الٹی میٹم دیتے ہیں۔

صوبائی وزیر کا کہنا ہے کہ گذشتہ دنوں خضدار میں پیش آنے والا واقعہ  قبائلی مسئلہ ہے، واقعے میں قبائلی رہنما امان اللہ زرکزئی اور ان کے ساتھیوں کی شہادت قابل مذمت ہیں۔

انہوں نے کہا کہ واقعے کی ایف آئی آر نواب امان اللہ کی بیوہ کی مدعیت میں لیویز اسٹیشن زہری میں  درج کی گئی ہے جس میں دس افراد کے نام دیئے گئے جبکہ گیارہ نامعلوم ہیں۔

صوبائی وزیر کے مطابق مقتول کی جانب سے سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے درخواست نہیں دی گئی تھی۔

ضیا لانگو نے واقعے میں ملوث افراد کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ از خود سرینڈر کردیں بصورت دیگر حکومت دو روز میں کاروائی کرے گی۔

یاد رہے بی این پی مینگل کے مرکزی رہنماء اور شہید بابو نوروز خان کے بیٹے کو گذشتہ روز گھاٹ لگائے مسلح افراد نے 4 ساتھیوں سمیت قتل کردیا تھا جبکہ مقدمے کی ایف آئی آر میں ان کے بھانجے اور سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان ثناء اللہ زہری، اس کے بھائی اور ایم پی اے نعمت اللہ زہری اور ایک رشتہ دار آغا شکیل درانی کے نام شامل ہیں۔