ٹرین حادثہ: جاں بحق افراد کی تعداد 24 ہوگئی، ٹرینوں کی آمدورفت متاثر

222

رحیم یارخان: اکبر بگٹی ایکسپریس حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 24 ہوگئی جبکہ حادثے کے بعد ٹرینوں کا شیڈول بری طرح متاثر ہوا ہے۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والی ایک خاتون شیخ زید اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گئی۔

ڈی پی او عمر سلامت نے بتایا کہ رات گئے امدادی کارروائیوں کے دوران ملبے سے ایک بچی کی لاش نکالی گئی جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 24 ہوگئی۔

ڈی پی او عمر کا کہنا تھا کہ اب تک ملبے سے 23 لاشیں نکالی جاچکی ہیں جب کہ حادثے کے 90 سے زائد زخمی مخلتف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

دوسری جانب حادثے کے باعث کراچی میں بھی ٹرینوں کی آمد و رفت متاثر ہوئی ہے۔

ریلوے ذرائع نے بتایا کہ قراقرم اور شاہ حسین ایکسپریس 5 گھنٹے کی تاخیر سے کراچی پہنچیں گی، ملت ایکسپریس، علامہ اقبال ایکسپریس اور تیز گام 2 سے 3 گھنٹے، بہاؤالدین ذکریا 3 گھنٹے اور پاکستان ایکسپریس 2 گھنٹے تاخیر سے کراچی پہنچیں۔

اس کے علاوہ کراچی ایکسپریس اور قراقرم ایکسپریس ڈھائی گھنٹے کی تاخیر سے روانہ ہوئیں۔

یاد رہے گذشتہ روز رحیم یار خان کے قریب لاہور سے کوئٹہ جانے والی اکبر ایکسپریس ٹرین مال گاڑی سے ٹکرا گئی تھی۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ اکبر ایکسپریس ولہار اسٹیشن پر کھڑی ہوئی مال گاڑی سے ٹکرائی، حادثے میں ٹرین کی متعدد بوگیاں بھی متاثر ہوئیں ہیں جبکہ ٹرین کا انجن مکمل طور تباہ ہو گیا۔