کوئٹہ: ہزارگنجی میں دھماکا، 8 افراد جانبحق

229
دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے نواحی علاقے ہزار گنجی میں واقع سبزی منڈی کے قریب دھماکے سے 8 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی ائی جی) رزاق چیمہ نے 8 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتےہوئے بتایا کہ دھماکے میں ہزارہ برادی کو نشانہ بنایا گیا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ دھماکے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں میں ایک (فرنٹیئر کور) ایف سی اہلکار جبکہ ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے 7 افراد شامل ہیں۔

رپورٹس کے مطابق دھماکا صبح سویرے ہوا اور کافی زور دار تھا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی تاہم دھماکے کی نوعیت کا اندازہ ابھی نہیں لگایا گیا۔

دھماکے کے بعد پر پولیس، سیکیورٹی اہلکار اور ریسکیو اہلکار جائے وقوع پر پہنچ گئے جبکہ علاقے کو خالی کروا کر لوگوں کو آنے جانے سے روک دیا گیا ہے جبکہ لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

پولیس حکام نے جاں بحق افراد کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

حکام کے مطابق زخمیوں کو جائے وقوعہ سے قریب بولان میڈیکل کملیکس منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد دینے کا سلسلہ جاری ہے۔

خیال رہے کہ کوئٹہ کا علاقہ ہزار گنجی میں اس سے قبل بھی متعدد مرتبہ دھماکوں کی زد میں رہ چکا ہے۔