امریکا اپنااسٹریٹجک پارٹنر پاکستان کو نہیں بھارت کو سمجھتا ہے – شاہ محمود قریشی

159

 امریکا اپنااسٹریٹجک پارٹنر پاکستان کو نہیں بھارت کو سمجھتا ہے۔

 دی بلوچستان پوسٹ ویب ڈیسک کو ملنے والی اطلاعات پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو نیچا دکھانے کیلئے بھارت نے ہرفورم کا استعمال کیا، مودی نے اعتراف کیا کہ بھارت نے پاکستان کو تنہا کرنا ہے، بھارت نے سارک کو یرغمال بنا کر اسلام آباد میں اجلاس نہیں ہونے دیا، سشما سوراج سارک میں گفتگو کرکے چلی گئیں ، بھارتی وزیر خارجہ نے سارک میں پاکستان کی گفتگو بھی نہیں سنی۔

انہوں نے کہا کہ امریکا اپنااسٹریٹجک پارٹنر پاکستان کو نہیں بھارت کو سمجھتا ہے، بغیر تحقیق کے لوگ پاکستان کے خلاف انگلیاں اٹھاتے ہیں، مشرقی اورمغربی دونوں سرحدوں سے دباؤ ہے، افغانستان میں دہشت گردوں کی آماجگاہیں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ چین کل بھی ہمارے ساتھ تھا، آج بھی ہے، سابق دور حکومت میں پاکستان کا نام گرے لسٹ میں آیا، ہرطرح سے پاکستان کو تنہا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، معاشی حالت یہ ہے کہ ملک دیوالیہ کے قریب ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ حکومت سنبھالی تو بہت سارے چیلنجز کا سامنا تھا، ایشوز نےاداروں کی صلاحیتوں کو متاثرکیا لیکن ابھی امتحان ختم نہیں ہوا، ہم نے بہت سارے امتحانات میں کامیابی حاصل کی اور پُر اعتماد طریقے سے آگے بڑھ رہے ہیں۔