صحافیوں کے قتل میں ملوث کولمبیا کا باغی رہنما سرچ آپریشن میں ہلاک

150

بگوٹا: کولمبیا کے باغی رہنما والٹر اریزالا سیکیورٹی فورسز کے سرچ آپریشن کے دوران دو طرفہ مقابلے میں مارا گیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق کولمبیا کے صدر آئی وان ڈیوکیو نے پریس بریفنگ میں بتایا ہے کہ مسلح باغی رہنما والٹر ایریزالا المعروف گواچو پڑوسی ملک ایکواڈور کے سرحد کے قریب سیکیورٹی فورسز کے سرچ آپریشن کے دوران مارا گیا۔

والٹر ایریزالا منشیات کی اسمگلنگ اور بھتہ خوری سمیت خطرناک جرائم میں پولیس کو مطلوب تھا تاہم رواں برس ایکواڈور کے دو صحافیوں اور اُن کے ڈرائیور کے قتل میں ملوث ہونے پر والٹر نےعالمی شہرت حاصل کرلی تھی۔

29 سالہ والٹر ایریزالا نے کولمبیا سے آزادی کے لیے ایک باغی گروپ کی داغ بیل ڈالی تھی تاہم 2016 میں کولمبیا کی حکومت سے معاہدہ کرنے پر والٹر نے ہتھیار ڈالنے سے انکار کر کے باغی گروپ کو چھوڑ کر ایک اور مسلح جتھے کی داغ بیل ڈالی۔

دو صحافیوں کے قتل بعد از اغوا کے بعد والٹر کی گرفتاری کے لیے عالمی دباؤ میں اضافہ ہوگیا تھا، کولمبیا سیکیورٹی فورسز نے والٹر ایریزالا کی گرفتاری کے لیے ایکواڈور کی سرحد کے قریب سرچ آپریشن کیا تھا۔