مقامی اخبارکے ایڈیٹر کے گھر پر قبضے کو ختم کیا جائے – بلوچستان ایڈیٹر کونسل

83

مقامی اخبارکے چیف ایڈیٹر کے گھر پر ایک خاتون وکیل گذشتہ کئی ماہ سے قابض ہیں – بلوچستان ایڈیٹرز کونسل

بلوچستان ایڈیٹرز کونسل نے اپنے ایک بیان میں مبینہ طور پر کوئٹہ پولیس کے چند اہلکاروں کی سرپرستی میں ایک خاتون وکیل کی جانب مقامی اخبار کے چیف ایڈیٹر کیخلاف مقدمے کے اندراج اور ان کے گھر پر قبضے کی کوشش پر تشویش کا اظہار کیا ہے ۔

بروز ہفتہ ہنگامی اجلاس کے بعد جاری کئے گئے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ مقامی اخبارکے چیف ایڈیٹر کے گھر پر ایک خاتون وکیل کی جانب سے قبضہ کرنے کی کوشش کی گئی ہے اور گزشتہ کئی ماہ سے قابض ہیں۔ اس سلسلے میں اس وکیل کے خاندان اور سینئر وکلاء کو آگاہ کیا گیا مگر ٹال مٹول سے کام لیتے رہے، گذشتہ شب گوالمنڈی تھانہ کے اہلکاروں کی جانب سے مقامی اخبار کے ایڈیٹر سے رابطہ کیا گیا کہ آپ تھانے آئیں جب وہ تھانے پہنچے تو پتہ چلا کہ اس خاتون وکیل نے گھر کے مالک کیخلاف ہی درخواست دی ہے اور تھانے کے حکام نے ایڈیٹر کو مذاکرات کے بہانے بلا کر گرفتار کیا جنہیں ہفتہ کی صبح مقامی عدالت نے ضمانت پر رہا کر دیا جبکہ ان کی جانب سے درخواست پر پولیس حکام نے 24گھنٹے بعد بھی مقدمہ درج نہیں کیا۔

بیان میں پولیس کے رویے کی مذمت کرتے ہوئے آئی جی پولیس اور سی سی پی او سے فوری طور نوٹس اور متعلقہ اہلکاروں کے خلاف کارروائی اور مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔

بیان میں ہائی کورٹ بار، بلوچستان بار اور ڈسٹرک بار سے مطالبہ کیاگیا کہ فوری طور پر اس خاتون وکیل کا لائسنس معطل اور ضابطے کی کارروائی کا آغا ز کیا جائے اگر فوری طو رپر ایسا نہ کیا گیا تو صحافی برادری سخت احتجاج پر مجبور ہوگی۔