فیس بک نوجوانوں کو ایک بار پھر اپنی جانب متوجہ کرنا چاہتی ہے

139

فیس بک نوجوانوں کو ایک بار پھر اپنی جانب متوجہ کرنا چاہتی ہے اور اس کے لیے وہ موسیقی کا سہارا لینے کے لیے تیار ہے۔

ایک رپورٹ کے مطابق دنیا کی مقبول ترین سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایک ویڈیو میوزک ایپ کو متعارف کرانے کی تیاری کررہی ہے۔

فیس بک عام طور پر دیگر کمپنیوں کے کاموں سے متاثر ہوکر انہیں اپنا لیتی ہے اور یہ نئی ایپ بھی ایک ایپ Musical.ly سے متاثر ہوکر تیار کی جارہی ہے۔

اس نئی ایپ کو ابھی لاسو کا کوڈ نام دیا گیا ہے۔

یہ ایپ فل اسکرین پر مشتمل ہوگی جبکہ نوجوانوں کو وہی فیچرز فراہم کرے گی جو کہ Musical.ly میں دستیاب ہیں۔

فیس بک کے ذرائع کے مطابق اس ایپ کی تیاری میں کوشش کی جارہی ہے اس میں وہ تمام فیچرز موجود ہوں جو کہ نوجوانوں کو متاثر کرسکیں گے، جو کہ اس وقت فیس بک میں موجود نہیں۔

Musical.ly میں نوجوانوں کو مختصر میوزک ویڈیوز ریکارڈ کرنے کی سہولت فراہم کی جاتی ہے جس میں مقبول گانوں کو شامل کردیا جاتا ہے۔

Musical.ly کے اس وقت 50 کروڑ سے زائد صارفین ہیں اور یہ ایپل ایپ اسٹور میں رواں سال کی ششماہی میں سب سے زیادہ ڈاﺅن لوڈ کی جانے والی ایپ ہے۔

فیس بک 2016 سے اس طرح کی میوزک ایپس کی تیاری پر کام کررہی ہے مگر عملدرآمد Musical.ly کی کامیابی کو دیکھ کر کیا جارہا ہے۔

رواں برس کے شروع میں فیس بک نے ‘لپ سائنک لائیو’ کا فیچر چند ممالک میں آزمائش کے لیے متعارف کرایا تھا جسے اب ہر ایک کے لیے پیش کردیا گیا ہے۔

اسی طرح فیس بک پروفائل میں گانوں کو شامل کرنے کا فیچر بھی جمعرات کو متعارف کرایا گیا۔